وزیر اعلی پنجاب کی لاہور کیلئے 300 ہائبرڈ بسیں خریدنے کی منظوری
09:33 AM, 18 Dec, 2022
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے لاہور کیلئے پہلے مرحلے میں 300 ہائبرڈبسیں خریدنے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا 20 واں اجلاس ہوا۔ وزیراعلیٰ نے لاہور کیلئے پہلے مرحلے میں 300 ہائبرڈبسیں خریدنے کی منظوری دے دی۔ وزیراعلی چودھری پرویز الٰہی نے نئی بسوں میں خواتین، سپیشل اور نابینا افراد کے لئے سیٹیں مخصوص کرنے کا حکم دیا،سپیشل اورنابینا افراد کیلئے بس کے دروازے کے قریب سیٹیں مختص کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے لاہور میں نئے بس سٹاپ بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوںنے کہا ہے کہ خواتین خصوصاًطالبات کی تعلیمی اداروں کے اوقات کار کو مدنظر رکھ کرنئی بسوں کے روٹس کا تعین کیا جائے۔عوام کی سہولت کیلئے لاہور میں 200 نئے بس سٹاپ بنائے جائیں گے۔ لاہور میں مجموعی طورپر 513 ہائبرڈ بسیں چلائی جائیں گی۔ وزیر اعلی پرویز الٰہی نے ڈیرہ گجراں میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے دفاتر تعمیر کرنے کی منظوری دے دی۔اس کے علاوہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی آکشن پالیسی کی بھی منظوری دی گئی ہے۔