'عمران خان نےساتھ بٹھاکرقمر باجوہ کیخلاف بات کرکےزیادتی کی'
11:34 AM, 18 Dec, 2022
لاہور: وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے ساتھ بٹھا کر جنرل (ر)قمر باجوہ کیخلاف بات کرکے زیادتی کی۔ چودھری پرویزالہی جنرل ریٹائرڈ قمرجاوید باجوہ کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے۔وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ جنرل باجوہ ہمارے اور پی ٹی آئی کے محسن ہیں۔ تحریک انصاف احسان فراموش نہ بنے۔ کسی نے جنرل باجوہ کیخلاف بات کی تو میں سب سے پہلے بولوں گا۔ پھر میری ساری جماعت بولے گی۔ پرویز الہی نے کہا عمران خان کو 3 ماہ پہلے بھی کہا تھا کہ باجوہ صاحب آپ کے بھی اور ہمارے بھی محسن ہیں۔ میں اور مونس الہٰی نے کل بھی دن میں ملاقات میں کہا کہ باجوہ صاحب کے خلاف نہ بولیں۔ عمران خان نے مجھے ساتھ بٹھا کر باجوہ صاحب کے خلاف بات کر کے زیادتی کی۔ وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ کیا یہ کوئی اوتار ہیں؟ کیا یہ سارے لوگ اوپر سے آ گئے ہیں۔ انہوں نے مذاق بنا لیا ہے، کیا کوئی انسان اتنا احسان فراموش ہو سکتا ہے۔ باجوہ صاحب کے احسان ہیں۔ باجوہ صاحب نے ان کو کہاں سے کہاں پہنچایا۔ بیرون ملک سے فنڈز لانے باجوہ صاحب خود گئے۔ باجوہ صاحب نے آئی ایم ایف سے بیلجئم میں بیٹھ کر بات کی۔ باجوہ صاحب کنگ سلمان سے ملے ،قطر سے پیسے لے کر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض نے بہت زیادتیاں کیں، ہمیں اندر کرنے کی کوشش کی وہ ہمارے خلاف تھے، میں نے جنرل باجوہ کو فیض بارے میں بتایا تو فیض نے کہا کہ عمران خان کا حکم ہے۔ پرویز الہیٰ نے کہا کہ عمران خان تو مونس کو ساتھ نہیں بٹھاتے تھے اس کے باوجود ہم نے عمران خان کا بھرپور ساتھ دیا، جب عمران خان نے کہا کہ اسمبلی توڑ دو تو ہم نے فوراً ہامی بھرلی، ہم عمران خان اور پی ٹی آئی کے مخالف نہیں ساتھی ہیں لیکن اپنے محسنوں کو فراموش نہیں کرسکتے۔