ویب ڈیسک: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے لیے قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے پیشکش کر دی۔
تفصیلا ت کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی سرداری ایاز صادق نے اپنی خدمات پیش کردیں۔
اپنے ایک بیان میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ حکومت اپوزیشن مذاکرات کے لیے میرا آفس اور گھر ہر وقت حاضر ہے، تلخیاں ختم کرنے کے لیے مذاکرات ضروری ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ سیاسی ایشوز سمیت کسی بھی معاملے پر مذاکرات میں کردار ادا کرنے کو تیار ہوں، گزشتہ روز ایوان میں ہونے والی بحث خوش آئند تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کے فلور پر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی مشروط پیشکش کی تھی۔
ن لیگی رہنما رانا ثنا اللّٰہ نے اسپیکر آفس کا رستہ دکھا دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر آپ سنجیدہ ہیں تو کم سے کم حکومت کو مذاکرات کا پیغام تو بھیجیں۔
جس پر پی ٹی آئی رہنما کے شیر افضل مروت نے بھی سیاسی قائدین کو مل بیٹھنے کا مشورہ دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ جب تک سیاسی قوتیں ایک ہو کر نہیں بیٹھیں گی، مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکتے۔