(ویب ڈیسک ) پی این ایس یمامہ کثیرالمقاصد، انتہائی سبک رفتار جنگی بحری جہاز ہے جو ٹرمینل ڈیفنس سسٹم کے ساتھ جدید ترین الیکٹرانک وارفیئر، اینٹی شپ اور اینٹی ایئر وارفیئر صلاحیتوں کا حامل ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کیلئے تیار کیے جانے والے چوتھے آف شور پٹرول ویسل پی این ایس یمامہ کی کمیشننگ تقریب کا انعقاد رومانیہ کی بندرگاہ کانسٹینٹا (Constanta Port) میں ہو، وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں رومانیہ نیوی کے ڈپٹی فلیٹ کمانڈر ریئر ایڈمرل ماریان سیوبوٹارو اور رومانیہ میں پاکستان کے سفیر ارشد جان پٹھان نے خصوصی شرکت کی ۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پی این ایس یمامہ کثیرالمقاصد، انتہائی سبک رفتار جنگی بحری جہاز ہے جو ٹرمینل ڈیفنس سسٹم کے ساتھ جدید ترین الیکٹرانک وارفیئر، اینٹی شپ اور اینٹی ایئر وارفیئر صلاحیتوں کا حامل ہے،یہ جہاز ملٹی رول ہیلی کاپٹر کے ساتھ لمبے عرصے تک متعدد آپریشنز سرانجام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پی این ایس یمامہ بیک وقت سطح آب، زیر آب اور فضا میں جنگ لڑنے کی صلاحیت سے لیس ہے، پاک بحریہ کی صلاحیتوں، دور دراز بین الاقوامی پانیوں میں موجودگی اور آپریشنل تیاریوں میں مزید اضافہ ہوگا، پی این ایس یمامہ کی شمولیت سے بحر ہند میں علاقائی میری ٹائم سیکورٹی پٹرول میں تعیناتی مزید مستحکم ہو گی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ چیف گیسٹ نے ڈیمن شپ یارڈ کی پیشہ وارانہ مہارت اور پاک بحریہ کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی پر شپ یارڈ انتظامیہ کی تعریف کی۔
اس سے قبل پاک بحریہ نے تین آف شور پٹرول ویسلز پی این ایس تبوک، پی این ایس یرموک، پی این ایس حنین اپنے بیڑے میں شامل کیے۔ یرموک کلاس کے تمام جہاز سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لئے بھی موزوں ہیں۔