کراچی میں نجی ٹی وی سے وابستہ سینئر صحافی قتل
05:31 AM, 18 Feb, 2022
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں نجی ٹیلی وژن سے وابستہ پروڈیوسر اطہر متین کو نامعلوم ملزمان نے گولیاں مار کر قتل کردیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور اطہر متین کی لاش کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کراچی علاقے نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی کے قریب پیش آیا۔ ملزمان نے کار پر فائرنگ کرکے سینئر پروڈیوسر اطہر متین کو قتل کیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتشی سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ واقعہ ڈکیتی کے دوران پیش آیا، تاہم دیگر پہلوئوں پر بھی اس واقعے کی تحقیقات کی جاری ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈکیتی مزاحمت سے متعلق فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہے کیونکہ اطہر متین سے کوئی قیمتی چیز نہیں چھینی گئی ہے۔ ایس ایس پی سینٹرل رانا معروف کا کہنا تھا کہ ملزمان شہری کو لوٹ رہے تھے، اطہر متین نے واردارت ناکام بنانے کی کوشش کرتے ہوئے ملزمان کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑی کی ٹکر سے ملزمان زمین پر گر گئے جس کے بعد انہوں نے غصے میں اطہر متین پر فائرنگ کر دی جس سے وہ جاں بحق ہو گئے۔ قتل کی واردارت کرنے کے بعد ملزمان اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر شہری کی موٹر سائیکل لے کر فرار ہوگئے۔ ملزمان کی جانب سے چھوڑی گئی موٹر سائیکل کی تفصیلات پولیس حاصل کر رہی ہے۔