فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی، فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

05:58 AM, 18 Feb, 2022

Rana Shahzad
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) سابق سینیٹر فیصل واوڈا نے تاحیات نااہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ عدالت عظمیٰ میں الیکشن کمیشن اور ہائیکورٹ کے فیصلوں کے خلاف اپیل دائر کر دی گئی ہے۔ اپیل میں الیکشن کمیشن اور مخالف شکایت کنندگان کو فریق بنایا گیا ہے۔ فیصل واوڈا کی جانب سے دائر اپیل میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو تاحیات نا اہل کرنے کا اختیار نہیں تھا۔ فیصل واوڈا کی اپیل ایڈووکیٹ وسیم سجاد نے سپریم کورٹ میں دائر کی۔ فیصل واوڈا نے اپنی اپیل میں موقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن مجاز کورٹ آف لاء نہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ نے عجلت میں اپیل خارج کی۔ الیکشن کمیشن کا نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر سینیٹر کے عہدے پر بحال کیا جائے۔ خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر سماعت کی تھی اور فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر فیصلہ سنایا اور تاحیات نااہلی کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔ فیصلے میں کہا گیا تھا کہ طویل عرصہ تک الیکشن کمیشن اور کورٹ کے سامنے فیصل واوڈا تاخیر کرتے رہے، فیصل واوڈا نے شہریت چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ جمع کرانے سے بھی انکار کیا۔ خیال رہے کہ فیصل واوڈا نے اپنی تاحیات نااہلی کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی میں جھوٹا بیان حلفی جمع کروانے پرتاجیات نااہل قراردیا۔
مزیدخبریں