’پیپلزپارٹی کا شروع ہونے والا لانگ مارچ معمولی نہیں ہوگا‘
06:15 PM, 18 Feb, 2022
اوکاڑہ ( پبلک نیوز) سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا شروع ہونے والا لانگ مارچ معمولی نہیں ہوگا۔ بلاول بھٹو عوامی ترجمانی کے لیے باہر نکل رہے ہیں عوامی سمندر اسلام آباد پہنچے گا۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ لانگ مارچ جی ٹی روڈ سے ہوگا اس کے علاوہ کوئی راستہ استعمال نہیں کریں گے۔ بلاول بھٹو کا چیچہ وطنی میں فقیدالمثال استقبال ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری کا رات کا قیام ساہیوال ہو گا پھر اوکاڑہ سے لاہور کی جانب روانہ ہوں گے۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جتنی تعداد میں عوام نکلیں گے اتنی جلدی حکمرانوں سے جان چھوٹے گی اور عوامی قسمت بدلے گی۔ ہم نے اپنے دور حکومت میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں 120 فیصد بڑھائیں، پنشن میں اضافہ کیا۔ حکمرانوں نے پہلے تیل کی قیمت میں دس روپے اب بارہ روپے لیٹر تک اضافہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم گھروں میں بیٹھے رہے حکمران ہر روز قیمتیں بڑھاتے رہیں گے ہمت کے ساتھ بچوں کے لئےگھروں سے باہر نکلنا ہوگا۔