پتنگ بازی جیل پہنچا سکتی ہے، بچوں کا مستقبل تباہ ہونے سے روکیں: پولیس
06:44 PM, 18 Feb, 2022
پبلک نیوز: راولپنڈی انتظامیہ اور پولیس نے پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 144 افراد کو گرفتار کرلیا۔ مذکورہ افراد میں کچھ ہوائی فائرنگ میں بھی ملوث تھے۔ سب کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق اور سی پی او پتنگ بازی کے خلاف فیلڈ میں موجود ہیں۔ ترجمان نے اپیل کی کہ والدین اپنے بچوں کو پتنگ بازی و ہوائی فائرنگ سے روکیں۔ پتنگ بازی کی وجہ سے اپنے بچوں کے خلاف کرمنل ریکارڈ نہ بننے دیں۔ یاد رہے کہ پنجاب میں سال 2006 سے پتنگ بازی پر پابندی عائد ہے۔ پابندی کی وجہ دھاتی ڈور کے باعث حادثات ہیں۔ دھاتی ڈور کے استعمال، بچوں کے چھتوں سے گرنے کے واقعات اور ہوائی فائرنگ کی گولیاں لگنے سے درجنوں افراد زخمی اور جاں بحق ہوتے تھے۔ اب بھی پابندی کے باوجود مختلف شہروں میں پتنگ بازی کی جاتی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے ایسے پتنگ بازوں کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے اور مقدمات درج کیے جاتے ہیں۔