’ملک دیوالیہ ہوچکا اور ہم ایک دیوالیہ ملک کے رہنے والے ہیں‘

11:23 AM, 18 Feb, 2023

احمد علی
سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ملک دیوالیہ ہوچکا ہے اور ہم ایک دیوالیہ ملک کے رہنے والے ہیں ۔ سیالکوٹ میں نجی کالج میں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ڈیڑھ سال قبل ہی دہشتگردوں کو اپنی سر زمین پرلاکربسایا گیا تھا ، کس نے ایسے کھیل کھیلے کہ دہشتگردی ہمارا مقدر بن گئی ؟ کل ساری رات سکیورٹی کے لوگ مقابلہ کرتے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جس نے آواز اٹھائی اسے جلا وطن کر دیا گیا اور جو باتیں پروگرامز میں کی جاتیں ہیں ان کا حقیقت کے ساتھ کوئی بھی تعلق نہیں ہے ۔ وزیر دفاع نے بتایا کہ جو ہمارے ملک کے حالات ہیں ہم ایک دیوالیہ ملک کے رہنے والے ہیں ، آپ نے سنا ہی ہوگا کہ ڈیفالٹ ہورہا ہے یا دیوالیہ ہورہا ہے، وہ ہوچکا ہے، تمام مسائل کا حل ملک میں ہی ہے ، آئی ایم ایف کے پاس نہیں ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ میں نے زیادہ وقت اپوزیشن میں گزارا ہے اور گذشتہ 32سالوں میں سیاست کو رسوا ہوتے ہی دیکھا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے صحن میں دہشتگردی ہم خود لے کر آئے ہیں ، 2 برس پہلے انہیں دوبارہ پاکستان کی سرزمین پر لاکر بسایا گیا تھا کہ یہ امن پسند لوگ ہیں، پاکستان کے قانون اور آئین کے مطابق زندگی گزریں گے ۔
مزیدخبریں