انتخابات میں مبینہ دھاندلی،پی ٹی آئی کاعدالتی تحقیقات کا مطالبہ

04:16 PM, 18 Feb, 2024

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے بیان پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔ پی ٹی آئی رہنما عمرایوب نے کہا کہ تحریک انصاف مرکز اور صوبوں میں حکومت بنائے گی، کرسی بانی تحریک انصاف کی امانت ہے، وزارت عظمی کا الیکشن لڑوں گا۔

بیرسٹر گوہر
اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سیکرٹری جنرل عمر ایوب کو ویلکم کرتے ہیں، وزیر اعظم کے لیے عمر ایوب ہمارے امیدوار بھی ہیں، بدقسمتی سے الیکشن کمیشن نےعوامی مینڈیٹ کے مطابق نتائج ابھی تک جاری نہیں کیے۔ 

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جمہوریت کو ڈی ریل ہونے سے بچانے کے لیے کوششیں کیں، بروقت انتخابات کے لیے پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن سے بار بار استدعا کی، قومی اسمبلی کی 180 سیٹیں ہیں جہاں ہم کامیاب ہوئے۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا سے 42، پنجاب سے 115، سندھ سے 16 اور بلوچستان سے 4 سیٹوں پر ہم کامیاب ہوئے، پنجاب میں 50 کے قریب نشستوں پر ہماری کامیابی کو نہیں ظاہر کیا گیا، سندھ کی سیٹ پر بھی ہمیں کامیابی نہیں ملی۔

 ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو آؤٹ کرنے کی کوشش کی گئی، نہ بلا رہا نہ لیڈرشپ، پی ٹی آئی کو ریلیوں اور ورکرز کنونشنز کی اجازت نہیں دی گئی، پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف پرچے کاٹے گئے، عوام نے 8 فروری کو پی ٹی آئی کو ووٹ دیا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ فارم 45 پی ٹی آئی کے ساتھ ن لیگ ، پیپلز پارٹی سمیت تمام پارٹیوں کو ملا، آراو کی ذمہ داری ہے فارم 45 کے تحت ڈیٹا اکٹھا کرے اور فارم 47 بنائے۔

عمر ایوب
پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے کہا کہ 12ماہ پی ٹی آئی کارکنان کے ساتھ پولیس گردی کی گئی، پی ٹی آئی کارکنوں کو دیوار سے لگایا گیا، مقدمات بنائے گئے، اب بھی مختلف کیسز میں پولیس غیرقانونی دباؤ ڈال رہی ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ جو کام کیا جارہا ہے یہ کسی نگراں حکمرانوں کا نہیں تھا، پی ٹی آئی مرکز اور صوبوں میں حکومت بنائے گی، مختلف لوگ کہتے تھے پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹ اور امیدوار نہیں ہوں گے، ہمارے امیدوار بھی سب سے زیادہ تھے اور پولنگ ایجنٹ بھی موجود تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے انتخابات میں 180 سیٹیں جیت کر ثابت کردیا، قومی اسمبلی میں وزارت عظمیٰ کا الیکشن لڑوں گا، ان شااللہ پی ٹی آئی مرکز اور صوبوں میں حکومت بنائے گی، یہ جیت پی ٹی آئی اوربانی پی ٹی آئی کی ہوگی۔

پاکستان تحریک انصاف نے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے بیان پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی نے ہمارے مؤقف کی تصدیق کی، ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمارے 180 امیدواروں کو کامیاب قرار دے کر نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، کراچی میں ہماری 18 سے 19 نشستیں ایم کیوایم نے چرائی ہیں، کراچی کی سیٹوں پر پی ٹی آئی کو کامیاب قرار دیا جائے۔

عمر ایوب کا مزید کہنا تھا کہ جیلوں میں قید سینئر قیادت اور کارکنان کی بازیابی ہمارا مقصد ہوگا، 2024 میں جوانتخابی دھاندلی ہوئی اسے مدر آف آل ریگنگ ڈکلیئر کرتے ہیں، جو پارٹیاں دھاندلی کی بینفشریز ہیں وہ آپس میں گتھم گتھا ہوگئی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عدم اعتماد سے متعلق مولانا فضل الرحمان نے اعتراف کیا، جی ڈی اے سمیت مختلف سیاسی پارٹیوں نے دھاندلی کے خلاف احتجاج کیا۔

مزیدخبریں