وزیر اعظم کی پاک ایران سرحد پر دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت
05:16 PM, 18 Jan, 2023
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں پاک ایران سرحد پر دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پاکستان-ایران سرحد پر دہشت گردی کے نتیجے میں ہمارے 4 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے، میں دہشت گردی کے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قوم فرض کی ادائیگی میں شہید سیکورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ ایران اس بات کو یقینی بنائے گا کہ اس کی سرزمین سرحد پار حملوں کے لیے استعمال نہ ہو۔ خیال رہے کہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک ایران سرحد پار سے دہشت گردوں کے حملے میں 4 سیکورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا واقعہ چوکب سیکٹر ،پنجگور میں پیش آیا، دہشتگردوں نے ایرانی سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان فوجی قافلے کو نشانہ بنایا، پاکستانی اہلکار سرحد پر گشت کر رہے تھے۔