رواں مالی سال کی دوسری سہہ ماہی میں پاکستان کی ریکارڈ توڑ برآمدات
08:08 PM, 18 Jan, 2024
وزارت تجارت کے مطابق دسمبر میں 397 ملین ڈالر کا شاندار کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس حاصل کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال دسمبر میں کرنٹ اکاونٹ خسارہ 365 ملین ڈالر تھا، دوسری سہہ ماہی میں 195 ملین ڈالر کا مجموعی کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رہا۔ اعلامیے کے مطابق کرنٹ اکاونٹ خسارے میں 77 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، پاکستان کا کرنٹ اکاونٹ خسارہ اس وقت 2.8 ارب ڈالر ہے، جولائی میں نگران حکومت نے چارج سنبھالا تو خسارہ 810 ملین ڈالر تھا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ زیادہ برآمدات اور کم درآمدات سے اقتصادی منظر نامہ مثبت انداز میں تبدیل کیا، ملکی تجارت کو 100 ارب ڈالر تک بڑھانے کا جرات مندانہ وژن مرتب کیا گیا ہے، ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے نئی منڈیوں کی تلاش کے اقدامات بھی شامل ہیں۔ اس حوالے سے وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا کہ ہم اپنے معاشی سفر میں ایک اہم لمحات کا مشاہدہ کر رہے ہیں، زیادہ برآمدات اور کم درآمدات سے چیلنجز پر قابو پانے کا موقع ملا ہے، ہم مل کر پاکستان کی اقتصادی بنیاد کو مضبوط کر سکتے ہیں۔