کشتی حادثہ، ایف آئی اے کی 4 رکنی تحقیقاتی ٹیم مراکش روانہ

09:12 AM, 18 Jan, 2025

(ویب ڈیسک )  وفاقی تحقیقاتی ادارے کی 4  رکنی تحقیقاتی ٹیم گزشتہ رات مراکش روانہ ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق  ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سلمان چوہدری تحقیقاتی ٹیم کے سربراہی کر رہے ہیں۔   ایف آئی اے پنجاب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر نارتھ،منیر مسعود مارتھ بھی ٹیم میں شامل  ہیں۔دفتر خارجہ اور آئی بی کا ایک ایک آفسر بھی تحقیقاتی ٹیم کےساتھ مراکش روانہ ہوا ۔

تحقیقاتی ٹیم 3 سے 4 روز مراکش میں قیام کرے گی، تحقیقاتی ٹیم کشتی حادثےمیں بچ جانے والے پاکستانیوں سے ملاقات کرے گی ، پاکستانیوں پر تشدد اور قتل کی بھی تحقیقات کرے گی۔

ایف آئی اے نے تارکین وطن کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجنے میں ملوث ملزمان کیخلاف 3 مقدمات درج کر لئے ہیں، گوجرانوالہ اور گجرات میں ایف آئی اے کرائم سرکلز میں گجرات اور سیالکوٹ کے انسانی سمگلرز کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ 

خیال رہے کہ  جمعرات کو افریقی ملک موریطانیہ سے غیرقانونی طور پر اسپین جانے والوں کی کشتی کو حادثہ پیش آیا تھا ۔ حادثے کے نتیجے میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 تارکین وطن ہلاک ہوگئے تھے۔  86 تارکین وطن کی کشتی 2 جنوری کو موریطانیہ سے روانہ ہوئی تھی۔   کشتی میں کل 66 پاکستانی سوار جبکہ 36 افرادکو بچالیا گیا تھا۔

خبر ایجنسی کے مطابق کشتی حادثے میں جاں بحق 44 پاکستانیوں میں سے 12 نوجوان گجرات کے رہائشی تھے۔ سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین کے افراد بھی کشتی میں موجود تھے۔

ادھر   امریکی قونصلیٹ کی جانب سے دی گئی تحریری شکایت پر ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کینسر کا مریض بن کر امریکی ویزا حاصل کرنے والے ملزم کو سہولت کار سمیت گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان میں سیالکوٹ کے رہائشی رضا عباس اور مبینہ ٹریول ایجنٹ امیر حمزہ شامل ہیں۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق رضا عباس نے خود کو کینسر کا مریض ظاہر کرتے ہوئے جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس اور دستاویزات کے ذریعے امریکی ویزا حاصل کرنے کی کوشش کی۔ ملزم نے قونصلیٹ میں جعلی بینک اسٹیٹمنٹس، جن کی مالیت ایک کروڑ روپے کے مساوی بتائی جاتی ہے، اور ٹریول ایجنسی کے جعلی مالک ہونے کی دستاویزات بھی جمع کرائیں۔

تحقیقات میں مزید انکشاف ہوا کہ رضا عباس کو لیبارٹری رپورٹس اور ایک اسپتال کے سرٹیفکیٹس حافظ نامی لیب ریسپشنسٹ نے 30 ہزار روپے کے عوض فراہم کیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رضا عباس کی امریکی ویزے کے لیے درخواست اس سے قبل بھی مسترد کی جا چکی ہے۔ تاہم اس بار سہولت کار امیر حمزہ کی مدد سے ملزم نے دوبارہ درخواست دی۔

ایف آئی اے نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا۔

  مراکش میں ہونے والے کشتی حادثے میں  جوڑا گاؤں کے 4 نوجوان جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ ان نوجوانوں میں ریحان اسلم، عمر فاورق، علی رضا اور ابوبکر شامل ہیں جبکہ علی عرف ظاہر شاہ اور تابی شاہ بچ جانے والوں میں شامل ہیں۔

یہ اداسی صرف جوڑا ہی نہیں بلکہ دیگر نواحی دیہات ڈھولہ اور گھرکو میں بھی اپنے پر پھیلائے ہوئے ہے کیونکہ ان دیہات سے بھی دو دو تین تین نوجوان اپنے ہاتھوں پیسے دے کر موت کی کشتی میں سوار ہوئے اور پھر کبھی واپس نہ آنے والے سفر پر روانہ ہو گئے۔

بچ جانے والوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کشتی میں سوار لوگوں کو پہلے مارا گیا اور پھر سمندر میں پھینکا گیا۔ بظاہر یہ ایجنٹوں کے لین دین کا معاملہ لگ رہا ہے لیکن اس کی بھینٹ بے چارے وہ لوگ چڑھ گئے جنہوں نے پیسے دے کر اس راستے کا انتخاب کیا تھا۔

مزیدخبریں