”حکومت کشمیر کے عوام کو صرف دھوکہ دے سکتی ہے“
07:30 AM, 18 Jul, 2021
لاہور ( پبلک نیوز) مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کو 3 سال میں مہنگائی، بے روزگاری کا عذاب دینے والے آزادجموں وکشمیر کے عوام کو صرف دھوکہ دے سکتے ہیں ، ظلم کی حکومت نہیں چل سکتی، عوام پر مہنگائی، بے روزگاری کا ظلم سب حدیں پار کرچکا ہے، مہنگائی، ملک پر قرض، بے روزگاری، معاشی تباہی سب تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ایک بیان میں کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرکے حکومت نے بذات خود ملک میں تاریخی مہنگائی کا اعتراف کرلیا ہے، اگر عام استعمال کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہوتا تو حکومت اپنے زیرکنٹرول ادارے میں قیمتیں کیوں بڑھاتی؟۔ پاکستان میں اتنی بدترین کارکردگی دکھانے والے سمجھتے ہیں کہ آزادجموں وکشمیر کے عوام کو یہ سب نظر نہیں آرہا؟، آزادجموں وکشمیر میں حکومت نے پہلے بدکلامی شروع کی، پھر نوٹ چلانے کی کوشش کی اور آخر میں گولی چلا دی ، حکومت فیل ہوچکی ہے، ملک اس طرح نہیں چل سکتا، پاکستان کے عوام کی سزا ختم ہونی چاہئے۔