افغان سفیر کی بیٹی پر تشدد، دوسرا مرکزی ملزم بھی گرفتار
09:06 AM, 18 Jul, 2021
اسلام آباد ( پبلک نیوز ) افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد کیس میں اہم پیش رفت ، دوسرا مرکزی ملزم بھی گرفتار کر لیا ہے، یہ دوسرا ملزم بھی ٹیکسی ڈرائیور ہے جس کی کار میں افغان سفیر کی بیٹی سے سفر کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد کیس میں ابھی تک تین ٹیکسی ڈرائیورز کے ملوث ہونے کی اطلاعات ہیں جن میں سے پہلے ایک ٹیکسی ڈرائیور کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ اب اطلاعات ہیں کہ دوسرا ٹیکسی ڈرائیور بھی قانون کے شکنجے میں آ گیا ہے۔ تیسرے ٹیکسی ڈرائیور کی تلاش کیلئے کوششیں جاری ہے اور قرین قیاس ہے کہ وہ بھی جلد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفت میں ہو گا۔ اس حوالے سے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی ایک پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیا ہے کہ اس کیس کی گتھیاں سلجھ رہی ہیں اور امید ہے کہ آج رات تک اس کیس کو حل کر لیا جائے گا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلہ میں معاملہ تیسرے ڈرائیور کی گرفتاری کی وجہ سے تعطل کا شکار ہے کیونکہ پھر یہ معلوم ہو سکے گا کہ افغان سفیر کی بیٹی راولپنڈی سے دامن کوہ تک کیسے پہنچیں۔