چور اولمپیئن سمیع اللہ خان کے مجسمے کی گیند کے بعد ہاکی بھی لے اڑے

04:20 PM, 18 Jul, 2021

شازیہ بشیر
بہاولپور ( پبلک نیوز) چوروں نے مایہ ناز اولمپیئن ”فلائنگ ہارس“ کا لقب پانے والے بہاولپور کے ہاکی اولمپیئن سمیع اللہ خان کے مجسمے کو بھی نہ چھوڑا۔ پہلے مجسمے کی گیند چوری ہوئی اب چور ہاکی بھی لے اڑے۔ تفصیلات کے مطابق بہاولپور کے ہاکی اولمپیئن سمیع اللہ خان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے بہاولپور میں ماڈل ٹاؤن اے کے خان چوک میں سمیع اللہ خان کا مجسمہ نصب کیا گیا تھا جس کے بعد مجسمے کی پہلے گیند چوری ہوئی اب چور ہاکی بھی چوری کر کے لے گئے۔ سمیع اللہ خان کے مجسمے سے ہاکی اور بال چوری ہونے کی اطلاع پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر صارفین نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام سے چوروں کے خلاف سخت کارروائی اور اسے دوبارہ اصل حالت میں بحال کرنے کا مطالبہ کردیا۔ پاکستانی ٹی وی ایکٹر ثنا جاوید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے خیالات کا اظہات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم زندہ باد اپنے ہی بہترین اولمپین کے ساتھ اعلی پیار کا اظہار سمیع اللہ خان کے مجسمہ سے کچھ دن پہلے بال اور گزشتہ رات ہاکی چوری کر لی گئی۔ چند سو روپے کی چیز تھی خیر کن سے شکوہ کریں یہ قوم تو دن دہاڑے گٹر کے ڈھکن تک نکال کر لے جاتی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر معاملہ اجاگر ہونے کے بعد شہری نے درخواست جمع کروا دی جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ڈی پی او نے کہا ہے کہ چوری کا مقدمہ درج کرنے کے بعد مجسمےکو اصل حالت میں بحال کردیا گیا۔ انہوں نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹھہرے میں لائیں گے۔
مزیدخبریں