پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شہباز گل کو رہا کر دیا گیا
04:48 AM, 18 Jul, 2022
مظفر گڑھ پولیس نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما ڈاکٹر شہباز گل کو رہا کر دیا ہے۔ انھیں ضمنی الیکشن کے موقع پر نقص امن کے خدشے کے پیش نظر گرفتار کیا گیا تھا۔ اپنی رہائی کے بعد شہباز گل نے ایک پیغام میں تمام کرم فرمائوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام دوستوں کا بہت شکریہ جنہوں نے میری غیر قانونی گرفتاری کی مذمت کی اور آواز بلند کی۔ ان کا کہنا تھا کہ فرعون کو بھی یہ لگتا تھا کہ اس کی طاقت دائمی ہے، اور وقت کے فرعونوں کا بھی خیال یہی تھا۔ ریاستی جبر اور مشینری کے استعمال کے باوجود اللّٰہ تعالیٰ نے ان کی رعونت خاک میں ملا دی۔ https://twitter.com/SHABAZGIL/status/1548830614589214722?s=20&t=eOp4-sEk10E_P4G0CvzTbA ان کا کہنا تھا کہ ہم دھاندلی کو روک رہے تھے۔ مجھے جان بوجھ کر یاسر کے حلقے میں جانے سے روکا۔ ن لیگ نے کم از کم 10ہزار ووٹ جعلی ڈلوائے۔ یہ عمران خان پر اللہ کا کرم ہے کیونکہ عمران خان سچ پر کھڑا ہے عوام نے بلے کو اتنا ووٹ ڈالا کہ ن لیگ کی دھاندلی بھی برداشت نہ کر سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس ایف سی کے کوئی گارڈز نہیں ہیں، گرفتار کرنے والوں کو اوپر سے حکم دیا گیا کہ مجھے الجھائے رکھا جائے۔ میں اپنے وکلا کے مشورے سے آئندہ کا لائحہ عمل اختیار کروں گا۔