امریکی ڈالر نے تمام ریکارڈتوڑ دئیے
08:02 AM, 18 Jul, 2022
امریکی ڈالر نے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ ایک ہی دن میں 3 روپے 55 پیسے مہنگا ہوگیا۔ انٹربینک میں ڈالر 210 روپے 95 پیسے سے مہنگا ہو کر 214 روپے 50 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ معاشی ماہرین کا کہنا تھا کہ تجارتی خسارہ بڑھنے پر روپے شدید دبائو کا شکار ہے۔ کرنٹ اکائونٹ خسارہ بڑھنے سے بھی مسائل بڑھ گئے ہیں۔ درآمدی ادائیگی پر ڈالر کی طلب دیکھی جا رہی ہے۔ دوسری جانب سٹاک ایکس چینج ایک مرتبہ پھر شدید مندی کی لپیٹ میں آ چکی ہے۔ معاشی ماہرین اسے ضمنی انتخابات کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی بے یقینی قرار دے رہے ہیں۔ کاروباری ہفتے کے پہلے دن پاکستان سٹاک ایکس چینج میں شدید مندی دیکھی جا رہی ہے۔ پاکستان سٹاک ایکس چینج میں کاروباری دن کی شروعات کیساتھ ہی کے ایس ای 100 انڈیکس میں 609 پوائنٹس سے زائد کی کمی ہوئی لیکن کچھ دیر بعد مارکیٹ کچھ بہتری دیکھی گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز پنجاب کے ضمنی الیکشن کے نتائج کے بعد سٹاک مارکیٹ اور کاروبار میں غیر یقینی صورتحال ہے۔ سرمایہ کار مارکیٹ سے پیسہ نکالنا شروع ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) سے ڈیل پروگرام میں تاخیر سے بھی پاکستانی سٹاک مارکیٹ پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور پاکستانی روپیہ مزید کمزور ہو چکا ہے۔