تحریکِ انصاف کی جیت کے بعد شہباز شریف کا پہلا بیان سامنے آ گیا
10:38 AM, 18 Jul, 2022
پنجاب کے ضمنی الیکشن کے نتائج سامنے آنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے بیان جاری کیا ہے۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ میں ضمنی انتخابات کے لیے انتھک کوششوں پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور ورکرز کا مشکور ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے پارٹی کیلئے بہترین انتخابی مہم چلائی. پر امن انتخابات کے انعقاد پر وزیرِ اعلی حمزہ شہباز کی قیادت میں پنجاب حکومت مبارکباد کی مستحق ہے. اس سے عمران نیازی کی ہر تقریر ان کے کسی عوامی عہدے کیلئے نا اہل ہونے کا ثبوت ہے. PTI نے ان کی براہِ راست سر پرستی میں قومی اداروں پر کیچڑ اچھالنے کی منظم مہم چلائی، جس سے پاکستان کو نا قابلِ تلافی نقصان پہنچا. اقتدار کی ہوس میں عمران نیازی میکاویلین سیاست کا شرمناک باب رقم کر رہا ہے. یاد رہے کہ پنجاب کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد صوبائی اسمبلی میں پارٹیوں کی پوزیشن سامنے آگئی ہے جس کے تحت پی ٹی آئی اسمبلی میں سب سے زیادہ نشستوں کے ساتھ اوپر ہے۔ پنجاب میں اس وقت سامنے آنے والی پارٹی پوزیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے اسمبلی میں پہلے 163 ممبران تھے لیکن ضمنی الیکشن میں 15 نشستیں حاصل کرنے سے اس کے ارکان کی تعداد 178 ہوگئی ہے۔