بشریٰ بی بی اور ارسلان خالد کی آڈیو لیک پر تحقیقات کی درخواست مسترد
11:26 AM, 18 Jul, 2022
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی اور ارسلان خالد کی آڈیو لیک پر تحقیقات کی درخواست مسترد کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی اور پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے انچارج ارسلان خالد کی لیک آڈیو سے متعلق تحقیقات کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی۔ قائم مقام چیف جسٹس جسٹس عامرفاروق درخواست گزار کے وکیل پر برہم ہوئے اور استفسار کیا کہ ایک آڈیو لیک ہوئی ہے آپ چاہتے ہیں ہم تفتیش کریں؟ کیا اسلام آباد ہائیکورٹ کا کام ایک تفتشیی کا ہے؟ کیا آپ اس آڈیو سے متاثرہ فریق ہیں؟. عدالت نے کہا کہ دو پرائیویٹ لوگوں کی گفتگو پر عدالت رِٹ کیسے جاری کرے؟ جب ایسی رِٹ ڈرافٹ کریں تو سوچ سمجھ کر درخواست دائر کیا کریں کہ مانگ کیا رہے ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ یہ ایک پورا سمندر تھا جس کو درخواست میں لکھا ہے۔ اس پر قائم مقام چیف جسٹس جسٹس عامر فاروق نےکہا کہ یہ سمندر ہے یا گلیکسی ہمیں اس سے غرض نہیں۔ پورا پاکستان آ جائے گا کیا ہم سب پر بیٹھ کر تفتیش کرتے رہیں؟. اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔