شروع دن سے ہی حکومت لینے کے حق میں نہ تھا، نوا ز شریف

12:05 PM, 18 Jul, 2022

احمد علی
پنجاب کےضمنی الیکشن میں شکست کےبعداتحادی جماعتوں کےقائدین کے درمیان مشاورت ہوئی ۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف ،آصف زرداری اورمولانا فضل الرحمان نے ٹیلی فونک رابطے میں ن لیگی امیدواروں کی شکست کے اسباب کا جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف کاکہنا تھا کہ شروع دن سے ہی حکومت لینے کے حق میں نہ تھا ۔تینوں رہنماؤں نے بڑھتی مہنگائی اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو انتخابی نتائج کی بنیادی وجہ قراردیا ۔ تینوں رہنماؤں نے جلد عام انتخابات کروانے سے متعلق تجاویز پر غور کیا ، اس بات پر اتفاق ہوا کہ اتحادیوں کی مشاورت سے تفصیلی لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا ۔ اس سے قبل نواز شریف نے اپنی پارٹی قیادت پر واضح کر دیا ہے کہ ان کے مشکل فیصلوں سے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہمیں شکست ہوئی لیکن ہم عوامی رائے کا کھلے دل سے احترام کرتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ضمنی الیکشن میں شکست کے بعد لیگی قائد نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف سے فوری طور پر رابطہ کرکے ان کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ جلد از جلد ایک ہنگامی اجلاس طلب کریں جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے۔
مزیدخبریں