وزیر اعلی پنجاب کون ہوگا؟ پی ٹی آئی نے فیصلہ کرلیا
05:23 PM, 18 Jul, 2022
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے چودھری پرویز الہٰی کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب نامزدگی کے فیصلے کی توثیق کردی۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین عمران خان کی زیرِصدارت تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس ہوا، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، مرکزی سیکرٹری جنرل اسدعمر، سینئر مرکزی نائب صدور فواد چودھری اور ڈاکٹر شیریں مزاری اجلاس میں شریک ہوئے۔اس کے علاوہ مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب، مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرلز عامر محمود کیانی اور عمر ایوب خان سمیت دیگر اراکین کور کمیٹی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں پنجاب کے ضمنی انتخاب میں تاریخی کامیابی اور بعد کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ تحریک انصاف نے آئندہ کی تنظیمی و سیاسی حکمت عملی پر بھی مفصل گفتگو کی، پنجاب کے ضمنی انتخابات کے بعد سندھ میں بلدیاتی اور ضمنی انتخابات پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سندھ کے انتخابات کے حوالے سے حکمتِ عملی کے اہم نکات کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ملک گیر رکنیت سازی میں تیزی لانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے، نچلی ترین سطح پر تنظیمی ڈھانچوں کی تکمیل کیلئے مؤثر تنظیم سازی کی حکمتِ عملی کا بھی احاطہ کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف نے سنگین دباؤ کے باوجود کامیاب انتخابی مہم پر ذمہ داران اور کارکنان کو خراج تحسین پیش کیا، پنجاب بھر میں ریاستی جبر کے باوجود بےمثال انداز میں پولنگ کیلئے نکلنے والے ووٹرز خصوصاً خواتین اور نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ پاکستان کلمہ لاالٰہ الا اللہ کی نظریاتی اساس پر قائم ریاست ہے، یہ نظریاتی اساس ملک و ملت کو ناقابلِ شکستہ بندھن میں جوڑتی ہے، پاکستان کی نظریاتی اساس کو کمزور کرنے والے ملک کو کمزور کرتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ قوم ایک انقلاب کی دہلیز پر کھڑی ہے، جس پر رب کریم کے شکرگزار ہیں، انتخابات میں ساری قوتیں یکجا، مگر معاملہ روایتی سیاست سے اوپر اٹھ چکا ہے، چیف الیکشن کمشنر نے دھاندلی کرنے والوں کی سہولتکاری کا فریضہ سرانجام دیا، عوامی قوت کو حقیر سمجھنے کی غلطی کبھی نہ کی جائے۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشی مسائل کا حل ملت کے احیاء میں پوشیدہ ہے، بیرونِ ملک پاکستانی حقیقی اثاثہ ہیں۔ امپورٹڈ کرائم منسٹر اور اسکی حکومت نے خودمختاری داؤ پر لگا کر دنیا بھر میں پاکستانیوں کی تضحیک کی، تحریک انصاف کی حکومت نے دنیا میں اہلِ پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سٹینفورڈ یونیورسٹی کی پورٹ ہے کہ پاکستان فلاحی ریاست کی جانب بڑھ رہا ہے، دیکھ کر خوشی ہوئی، چاہتا ہوں کہ جماعت کو جدید بنیادوں پر نچلی ترین سطح تک منظم کیا جائے۔