چین کے ایگزم بینک نے کل 60 کروڑ ڈالر رول اوور کر دیے، شہباز شریف

03:51 PM, 18 Jul, 2023

احمد علی
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں کل 60 کروڑ امریکی ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، کل پھر چین کے ایگزم بینک نے 60 کروڑ ڈالر رول اوور کیے ہیں۔ اسلام آباد میں وزیراعظم یوتھ اسپورٹس انیشی ایٹیو کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں کہے بغیر نہیں رہ سکتا کہ مجھے منع کیا گیا تھا کہ نام نہ لوں، لیکن کیا کروں، جو دوست مہربانی کرتا ہے، اس کو یاد بھی رکھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کل پھر چین کے ایکسپورٹ۔امپورٹ (ایگزم) بینک نے پاکستان کو 60 کروڑ ڈالر رول اوور کر دیے ہیں، یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے، میں اگر سفارتی اداب کا خیال رکھوں تو شاید نام نہ لیتا لیکن دل یہ کہتا ہے کہ جس نے احسان کیا ہو، اس کو یاد رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں لیکن دعا کریں کہ قرضوں سے نہیں، قوم کی اپنی محنت،کمائی اور قربانی سے بڑھیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اور یہ ممکن ہے، جس طرح ان بچے، بچیوں نے مختلف کھیلوں کے میدان میں گولڈ میڈل لیے، میں سمجھتا ہوں کہ اس سے ہمیں سبق اور ہمت حاصل کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اگر اللہ تعالیٰ نے ہمیں آئندہ موقع دیا تو قوم کے ان کروڑوں بچے اور بچیوں کی تعلیم، ان کی ووکیشنل ٹریننگ اور ان کے کھیل کود کے میدان بنانے اور سجانے میں جتنے بھی ہم وسائل مہیا کرسکیں گے، انشااللہ کریں گے، لیکن یہ سب اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔
مزیدخبریں