لاہور میں کالے بادلوں کا راج، ملک کے مختلف علاقوں میں بارش

09:22 AM, 18 Jul, 2024

 ویب ڈیسک:لاہور میں کالے سیاہ بادلوں کے بسیرے ،ٹھنڈی ہوا چل پڑی اور وقفے وقفے سے بونداباندی جاری رہی جبکہ پنجاب، شمالی بلوچستان اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ٹھنڈی ہوا چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا، شہر کے افق پر بادل چھا جانے سے دن میں رات کا سماں دکھائی دینے لگا۔

  موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ لاہور میں بارش برسانے والا سسٹم آج شام سے مکمل فعال ہو جائے گا، آج سے 21 جولائی تک مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

لاہور،گجرات، جہلم اور حافظ آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔

مریدکے/بارش

مریدکےشہر اور گردونواح میں تیز ہواوں کیسارھ موسلادھار بارش ہوئی اور بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا،بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

گجرات/بارش

 گجرات میں بارش کے باعث گیپکو کے کئی فیڈر متاثر ہو گئے جس سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے

جہلم/بارش

جہلم شہر اور گردو نواح میں تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی بارش اور تیز ہوا سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ حافظ آباد شہر اور گردونواح میں بھی شدید بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

حافظ آباد / بارش

حافظ آباد و گرد و نواح میں تیز ھوا کے ساتھ موسلادھار بارش کے باعث متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی جبکہ بارش سے گرمی کی شدت میں کمی موسم خوشگوار ھو گیا۔

وزیرآباد /بارش

وزیرآباد  سمیت  گردونواح میں ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی،بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا،موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ بارش سے واپڈا کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔

سیالکوٹ/بارش

سیالکوٹ اور اس کے گرد و نواح موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے سیالکوٹ میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے موسم خوش گوار ہونے کے ساتھ ساتھ جس سیالکوٹ کے نشیبی علاقے بھی زیر آب آگئے ہیں۔

 پھالیہ/بارش

پھالیہ  شہر اور گردونواح میں صبح سویرے سیاہ اور گھنےبادلوں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے اور سیاہ بادلوں کی آ مد کے بعد جاری بارش سے گزشتہ دو دنوں سے جاری شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ تیز ہواؤں اوربارش کے چلتے ہی متعدد علاقوں میں فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی معطل ہوگئی اور بارش سے گلیاں و نالیوں سمیت مختلف روڑز پہ ہر طرف بارش کا پانی نظر آ رہا ہے۔

جلال پور بھٹیاں / بارش

جلال پور بھٹیاں اور گرد و نواح میں تیز ھوا کے ساتھ موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا،بارش کے باعث متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے۔

خیبرپختونخوا/ موسم

محکمہ موسمیات  کا کہنا ہے کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرالود رہنے کا امکان ہے،ایبٹ اباد،مانسہرہ،بٹگرام،تورغر،ہری پور،سوات،بونیر اور چترال میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،چارسدہ،مردان،کوہاٹ،کرک،پشاور اور باجوڑ میں بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات  کا کہنا ہے کہ صوبے کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ،پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور شہروں میں سیلاب کا خطرہ ہو سکتا ہے،گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ گرمی پشاور 41 سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا،چترال میں 33,تخت بھائی 41،دیر 33 اور تیمرگرہ میں 39 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔

آزادکشمیر/بارش

آزاد کشمیر کے علاقے سماہنی اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش جاری ہے جبکہ بھبمر میں بھی شدید حبس کے بعد بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

دوسری جانب بلوچستان کے علاقے شیرانی، دہانا سر اور ژوب میں موسلادھار بارش کے باعث سیلابی صورتحال ہے۔

پختونخوا، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

دہانا سر میں رات گئے لینڈسلائڈنگ بھی ہوئی، سیلابی صورتحال کے باعث ژوب ڈی آئی خان قومی شاہراہ دہانا سر کے مقام پر آمدورفت کے لیے بند ہے جس کے باعث بڑی تعداد میں گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید بارش کا امکان ہے، موسلا دھار بارش سے خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

طوفانی بارشوں سے چھتیں گرنےکےواقعات

شبقدر چارسدہ میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے مکانات کی چھتیں گرنے سے دو افراد جاں بحق متعدد زخمی ہوگئے،وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے اظہار افسوس کیا اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی معفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

سردار علی امین گنڈاپور  نے کہا کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، وزیر اعلی نے ان حادثات کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کو بروقت طبی امداد جبکہ متاثرین کو فوری ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کردی۔

وزیر اعلی نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے محکمہ ریلیف کو اس سلسلے میں فوری کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کردی۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔

کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان
کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں بھی بارش کی توقع ہے، کراچی میں ممکنہ بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے، شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ شدت 42 ڈگری تک محسوس کیے جانے کا امکان ہے۔

 این ڈی ایم کا الرٹ جاری

 این ڈی ایم کا کہنا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر، اسلام آباد،  خیبرپختونخوا، وسطی اور شمال مشرقی  پنجاب کے علاقوں میں درمیانے درجے کی فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے، 17 سے 21 جولائی تک کشمیر، اسلام آباد، کے پی، پنجاب کے وسطی اور شمال مشرقی علاقوں میں وقفے کے ساتھ گرج چمک کیساتھ بارشوں کا امکان ہے۔

 این ڈی ایم کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث سوات، مینگورہ، بٹگرام، مردان، صوابی، ہری پور، ایبٹ آباد، کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں 50 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے،جو مقامی ندیوں اور نالوں میں درمیانے درجے کی فلیش فلڈنگ  سبب بن سکتی ہے۔

 این ڈی ایم کا کہنا ہے کہ  فلیش فلڈنگ ذریعہ آمدو رفت میں خلل، عمارتوں بنیادی ڈھانچے اور فصلوں و مویشوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے، این ڈی ایم اے نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمٹ اور مقامی انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ہدایت  کی ہے۔خطرے سے دو چار آبادی کی حفاظت کے لیے مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، عوام گھروں میں نکاسی آب  یقینی بنائیں اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کریں۔

کسی بھی بلاک شدہ نالوں یا ممکنہ خطرات کا موجب بننے والے عمل کی اطلاع مقامی حکام کو فوری طور پر دیں۔  مسافر و سیاح لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دو چار علاقوں میں سفر کرتے ہوئے احتیاط برتیں،  عوام بروقت ڈیزاسٹر الرٹس، گائیڈ لائنز اور احتیاطی تدابیر کے لیے کی Pak NDMA Disaster Alert موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

مزیدخبریں