ملائیشیا کےسابق وزیراعظم مہاتیر محمد کی طبیعت ناساز، ہسپتال منتقل

11:02 AM, 18 Jul, 2024

ویب ڈیسک: ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کی طبیعت ناسازہو گئی جس پر انہیں   ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم کےترجمان  کا کہنا ہے کہ 99سال کے مہاتیر محمد 3دنوں سے ہسپتال میں ہیں،مزید کچھ دن زیرعلاج رہیں گے۔

یاد رہے کہ 3 اگست2023 کو ملائیشیا کے 98 سالہ سابق وزیراعظم مہاتیر محمد اسپتال میں داخل ہوگئے تھے اس وقت کے قریبی ذرائع کا کہنا تھاکہ مہاتیر محمد کی حالت تسلی بخش ہے۔

قریبی ذرائع کے مطابق مہاتیر محمد کو امراض قلب کے اسپتال میں منگل کو داخل کیا گیا تھا، مہاتیر محمد کا انفیکشن کا علاج کیا جا رہا تھا۔ ان کی طبیعت بہتر ہے اور وہ ڈاکٹرز کے زیر نگرانی تھے۔

خیال رہے کہ مہاتیر محمد کئی سال سے دل کے عارضے میں مبتلا ہیں، ان کا بائی پاس بھی ہوچکا ہے۔ مہاتیر محمد دو  بار ملائیشیا کے وزیر اعظم رہے اور مجموعی طور پر 24 سال تک عہدے  پر  رہے ہیں۔

  مہاتیر محمد  پہلے 1981 سے 2003 تک ملائیشیا کے وزیراعظم رہے اور پھر 92 سال کی عمر میں اصلاح پسند اتحاد کی سربراہی کرتے ہوئے 2018 میں اقتدار میں واپس آئے۔

مہاتیر محمد کی یہ حکومت زیادہ دیر نہ چل سکی اور 2020 میں ان کی حکومت کا خاتمہ ہوگیا۔وہ 2022 کے عام انتخابات میں دوبارہ کھڑے ہوئے تاہم انہیں کامیابی نہ مل سکی۔

مزیدخبریں