راولپنڈی ( پبلک نیوز) اینٹی کرپشن ہیڈکوارٹرز میں تفتیشی ٹیم کے سامنے اہم پیشیاں۔ سابق ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوار الحق انکوائری میں اینٹی کرپشن پیش ہوئے۔ اینٹی کرپشن نے سابق ڈپٹی کمشنر انوار الحق کو آج راولپنڈی رنگ روڈ اتھارٹی انکوائری میں طلب کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق اے سی راولپنڈی صدر، سابق اے سی ٹیکسلا فہیم اور سابق اے سی سٹی منصور علی قاضی بھی اینٹی کرپشن راولپنڈی رنگ روڈ انکوائری میں پیش ہوئے۔ سابق ڈی سی راولپنڈی اور سابق اسسٹنٹ کمشنرز سے رنگ روڈ کے لئے حاصل کی جانے والی زمین کی قیمت کے تعین میں کوتاہی پر پوچھ گچھ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق قیمت کے تعین میں کوتاہی پر رنگ روڈ کو زمین بیچنے والے عام آدمی کو نقصان ہوا۔ سابق ڈی سی راولپنڈی کیپٹن (ر) انوار الحق اور اسسٹنٹ کمشنرز کو علیحدہ علیحدہ سوالنامہ دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ انکوائری ٹیم قانونی، تکنیکی اور معاشی ماہرین پر مشتمل ہے۔ انکوائری ٹیم اسکینڈل کی تمام اہم پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔ مکمل تحقیقات کے بعد سکینڈل کے تمام حقائق قوم کے سامنے رکھے جائیں گے۔