کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا آغاز

08:07 AM, 18 Jun, 2022

احمد علی
کراچی میں اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء بروز ہفتہ آج 18 جون 2022ء سے شروع ہو گئے ہیں۔ امتحانات میں تقریباً ایک لاکھ 90 ہزار طلبہ وطالبات شریک ہوں گے انٹرمیڈیٹ گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کے پہلے مرحلہ کا اختتام 6 جولائی کو ہوگا۔ ان امتحانات میں سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، ہوم اکنامکس، کامرس ریگولر اور کامرس پرائیویٹ گروپس کے امتحانات ہوں گے۔ امتحانات میں صبح اور شام کی شفٹوں میں پرچے لئے جائیں گے۔ صبح کی شفٹ میں صبح 9 بجے سے 12 بجے تک سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل اور ہوم اکنامکس گروپس کے امتحانات ہوں گے جس میں تقریباً ایک لاکھ 8 ہزار طلبہ و طالبات شریک ہوں گے۔ شام کی شفٹ میں دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک کامرس ریگولر اور کامرس پرائیویٹ گروپس کے امتحانات ہوں گے جس میں تقریباً 82 ہزار امیدوار شرکت کریں گے۔ انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کیلئے صبح اور شام کی شفٹوں میں مجموعی طور پر 211 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جس میں 115 امتحانی مراکز صبح کی شفٹ میں جبکہ 96 شام کی شفٹ میں بنائے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 64 امتحانی مراکز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے جس میں 32 صبح کی شفٹ میں جبکہ 32 شام کی شفٹ میں ہیں۔
مزیدخبریں