یونان کشتی حادثہ: ایف آئی اے لوگوں کو بیرون ملک بھجوانے والے ایجنٹ کو گرفتار کرلیا

08:29 PM, 18 Jun, 2023

احمد علی
لاہور: وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) اینٹی ٹریفکنگ سرکل لاہور نے کشتی حادثے میں ملوث انسانی ایجنٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے ) کے مطابق ایجنٹ طلحہ شاہزیب نے متاثرہ کی فیملی سے یونان بھجوانے کے لئے پیسے وصول کئے، گرفتار ہونے والے ایجنٹ کا تعلق شیخوپورہ سے ہے۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ایجنٹ نے کل 35 لاکھ روپے وصول کئے ۔ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایجنٹ کو متاثرہ کی جانب سے دی گئی معلومات کے نتیجے میں گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ہونے والے ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔ خیال رہے کہ یونان کی سمندری حدود میں چند روز قبل کشتی ڈوبنے کے افسوسناک واقعے میں 78 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس حوالے سے اقوام متحدہ نے بتایا تھا کہ ڈوبنے والی کشتی میں 400 سے 750 افراد سوار تھے، 104 افرادکو بچایا جاسکا اور 78لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ باقی افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق کوٹلی سے تعلق رکھنے والے25 کے قریب نوجوان جان کی بازی ہار گئے۔ جبکہ 12 پاکستانیوں کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حادثے پر کل یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے اوراس موقع پر کل قومی پرچم سرنگوں رہےگا۔
مزیدخبریں