ویب ڈیسک: کمشنر لاہور زید بن مقصود نے کہا ہے کہ شہری سڑک کنارے آلائشیں پھینکنے کے بجائے کوڑا دان میں ڈالیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں زید بن مقصود کا کہنا تھا کہ عید کے دوسرے روز بھی صفائی آپریشن و آلائشیں اٹھانے کیلئے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) ورکرز فیلڈ میں کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے روز کا صفائی آپریشن کامیاب رہا، شکایات پر فوری ردِعمل دیا گیا، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 16 ہزار ٹن آلائشیں اٹھا کر ڈمپنگ سائٹس پر پہنچائی گئیں۔
کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ صوبائی وزراء اور انتظامی افسران آج بھی فیلڈ میں موجود ہوں گے، ہم نے اپنے شہر کو صاف رکھنا ہے، دوسرے روز بھی اجتماعی قربان گاہوں میں قربانی کے بعد ایل ڈبلیو ایم سی دھلائی کرے گی۔
زید بن مقصود نے مزید کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی ورکرز تحسین کے لائق ہیں، سخت گرمی کے باوجود شہر کو صاف رکھنے کیلئے کام کر رہے ہیں، ایل ڈبلیو ایم سی عارضی کلیکشن سینٹرز کو 100 فیصد کلیئر کرنے پر فوکس رکھے۔