اسلام آباد(پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے ہم نے پیچھے رہ جانے والے طبقے کو اوپر لانا ہے، ہم کسی پر احسان نہیں کررہے، یہ محنت کشوں کا حق ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے محنت کش طبقے میں گھروں اور فلیٹس الاٹ کرنے کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ اس منصوبے میں بینک شامل نہ ہوتے تو ہم یہ کام نہیں کر سکتےتھے، محنت کش طبقےکےبارے کبھی سوچا نہیں گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیمنٹ اور سریے کی قیمت بڑھنےکی وجہ یہ ہے کنسٹرکشن انڈسٹری ترقی کر رہی ہے، ہماری کنسٹرکشن کی صنعت آگے بڑھ رہی ہے،
وزیراعظم تقریب کے شرکاء سے خطاب میں کہا حکومت یقینی بنائے گی کہ 5 فیصد سے زیادہ سود ادا نہ کرنا پڑے، نیا ہاؤسنگ پروجیکٹ میں حکومت تین لاکھ کی سبسڈی دے رہی ہے، پشاور سمیت ہر جگہ پر نیا ہاؤسنگ پروجیکٹ شروع ہو چکا ہے، 20 سال میں آپ قسطیں ادا کرسکیں گے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ زلفی بخاری اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، 25 سال پرانے منصوبے کو مکمل کر کے حقیقت میں بدلنا بڑی کامیابی ہے۔
اس موقع پر زلفی بخاری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں آئندہ ماہ گھروں کے مالکانہ حقوق دیئے جائیں گے، 2 سے 3 ماہ میں یہ سوسائٹی آباد ہو جائے گی، نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام محنت کش طبقے کیلئے اہم اقدام ہے۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے محنت کش طبقے کے ساتھ ظلم کیا، یہ منصوبہ 25 سال سے التواء کا شکار تھا، 25 سال سے غریب کا پیسہ اسی پروجیکٹ میں ڈوبا ہوا تھا، 500 گھروں میں سے 350 تیار ہیں، 150 اگلے ماہ تیار ہو جائیں گے۔
نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت 1500 گھر تقسیم کر دیئے گئے، اسلام آباد کے مزدور طبقے میں رہائشی فلیٹس اور مکانات تقسیم کیے گئے، ایک ہزار سے زائد فلیٹس اور 500 گھروں کی تقسیم قرعہ اندازی سے کی گئی، وزیراعظم نے مزید 1500 فلیٹس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔