جمائمہ گولڈ سمتھ زخمی ہو گئیں، تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی
06:37 AM, 18 Mar, 2022
لندن: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ سکیٹنگ کے دوران زخمی ہو گئیں۔ اس حادثے میں ان کے ناک پر شدید چوٹیں آئیں۔ انہوں نے زخمی حالت میں اپنی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی ہے۔ جمائمہ گولڈ سمتھ کی جانب سے ویڈیوز اینڈ فوٹوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جو تصویر شیئر کی گئی ہے اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کے ناک اور چہرے پر چوٹ کا گہرا نیل پڑا ہوا ہے۔ تاہم انہوں نے یہ تو نہیں بتایا کہ انھیں یہ حادثہ کس طرح پیش آیا اور چوٹ کیسے لگی۔ اپنی تصویر کیساتھ انہوں نے سکیٹنگ کی ایموجی شیئر کی جس سے پتا چلتا ہے کہ دوران کھیل انھیں یہ چوٹ لگی۔ خیال رہے کہ عمران خان اور جمائمہ گولڈ سمتھ 1995ء سے 2004ء تک نکاح میں رہے تھے۔ اس کے بعد دونوں میں طلاق ہو گئی۔ وہ ان دنوں اپنے دونوں بیٹوں سلیمان اور قاسم کے ساتھ برطانیہ میں مقیم ہیں۔ کچھ عرصہ قبل جمائمہ گولڈ سمتھ سے ایک ٹویٹر صارف نے پاکستان واپسی کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان آپ کے بغیر کچھ نہیں، وہ اپنے دوستوں کے ہاتھوں بے وقوف بن رہے ہیں۔ دراصل جمائمہ گولڈ سمتھ نے ٹویٹر پر آن لائن گیم ورڈلی میں اپنے سکور سے متعلق ٹویٹ کیا تو جواب میں ایک پاکستانی صارف نے ان سے واپسی کی منتیں شروع کر دیں۔ جمائمہ گولڈ سمتھ کی ٹویٹ اور اس پر ریپلائی کا سکرین شاٹ شیئر کرنے والے ایک صارف نے لکھا کہ ’ورڈلی بنانے والا یہ توقع نہیں کر رہا ہوگا کہ گیم سے متعلق ٹویٹ پر کوئی ایسا جواب دے گا۔ اس کے جواب میں جمائمہ گولڈ سمتھ نے قہقہے کی ایموجی شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’باقی کی زندگی، میری ہر ٹویٹ (پر ایسا ہی ہو گا)۔‘ اپنی ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے ’پاکستان زندہ باد‘ بھی لکھا۔ جمائمہ گولڈ سمتھ کے ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ یہ سچ ہے۔ جمائمہ جو بھی کہیں پاکستانی یہ دیکھے بغیر کہ ٹویٹ کیا ہے، ان سے متعلق اپنی محبت اور احترام کا اظہار کرتے رہیں گے۔