دھوکہ دہی کا الزام، انڈیا میں ماریا شاراپووا کیخلاف کیس درج
07:36 AM, 18 Mar, 2022
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی عدالت کے حکم پر ورلڈ ٹینس سٹار ماریہ شاراپووا اور ریسر شوماخر کے خلاف پولیس نے کیس درج کر لیا گیا ہے۔ نئی دہلی کی ایک خاتون نے مکان کے ایک پروجیکٹ میں اپنے ساتھ دھوکہ دہی کا الزام لگایا تھا۔ ڈوئچے ویلے کی رپورٹ کے مطابق انڈین پولیس نے عدالت کے حکم پر روسی ٹینس سٹار ماریا شاراپووا اور سابق فارمولا ون عالمی چیمپیئن مائیکل شوماخر سمیت 11 افراد کے خلاف دھوکہ دہی کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ انڈین شہری شیفالی اگروال نامی اس خاتون کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ انہوں نے ماریا شاراپووا کے نام پر تعمیر کئے جانے والے ایک رہائشی کمپلکس میں ایک اپارٹمنٹ بک کرایا تھا۔ اسی رہائشی کمپلکس میں شوماخر کے نام پر بھی ایک ٹاور تعمیر کرانے کی بات کی گئی تھی۔ تعمیراتی کمپنی ریئل ٹیک ڈیولپمنٹ اینڈ انفرا سٹرکچر لمیٹیڈ نے 2016ء میں ہی اپارٹمنٹ ان کے حوالے کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن تعمیر کا کام اب تک شروع ہی نہیں ہوسکا ہے۔ شیفالی اگروال کا کہنا تھا کہ شاراپووا اور شوماخر نے ان کے ساتھ 80 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کی۔ انہوں نے 2018 میں اس کی شکایت درج کرائی تھی، جس نے دونوں کے خلاف کیس درج کرنے کا حکم دیا۔ لیکن متعلقہ حکام نے کوئی کارروائی نہیں کی جس کے بعد انہیں عدالت سے رجوع کرنا پڑا۔ عدالت نے ان دونوں بین الاقوامی کھلاڑیوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔ پولیس کا کہنا ہے دونوں غیر ملکی کھلاڑیوں کے خلاف دھوکہ دہی اور مجرمانہ سازش کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ہم معاملے کی مزید تفتیش کر رہے ہیں۔ جبکہ کیس میں تعمیراتی کمپنی کے کئی عہدیداروں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ انڈین پولیس کے مطابق ماریا شاراپووا اور شوماخر کے خلاف بھارتی تعزیرات کی جن دفعات کے تحت کیس درج کیے گئے ہیں ان کی رو سے تین سال تک قید ، جرمانہ یا دونوں کی سزا ہوسکتی ہے۔