’سندھ ہاؤس کے اراکین کو چڑیا گھر منتقل کیا جائے تو بہتر ہے‘

02:48 PM, 18 Mar, 2022

احمد علی

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سندھ ہاؤس میں موجود اراکین کی موجودگی کے معاملے پر چیف جسٹس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوٹوں کو کہیں دور منتقل کروایا جائے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ ہاؤس حساس علاقہ ہے اطراف دیگر گھر بھی ہیں سندھ ہاؤس کے اراکین کو دوردراز علاقوں میں منتقل کریں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ہاؤس کے اراکین کو چڑیا گھر منتقل کردیا جائے تو بہتر ہے اگر اراکین ادھر ہی رہے تو روز یہ تماشہ دیکھیں گے ان لوٹوں کو آبادیوں میں نہ رکھاجائے چیف جسٹس نوٹس لیں،لوٹوں کو دور منتقل کروائیں۔فوادچوہدری نے کہا کہ شرجیل میمن اپنی حیثیت میں رہیں انہوں نے ابھی کچھ نہیں دیکھا اگر ہم چاہتے تو یہ اسلام آباد میں بھی داخل نہیں ہوسکتے تھے شرجیل میمن اپنے حالات کے مطابق بات کریں۔

وفاقی دارالحکومت میں واقع سندھ ہاؤس میں موجود منحرف حکومتی ارکان کے خلاف ان کے شہروں میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

فیصل آباد میں راجہ ریاض کے خلاف پی ٹی آئی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاج کے دوران ضلع کونسل چوک کو بلاک کیا گیا، اور کارکنوں نے شدید نعرے بازی کی، احتجاج میں چیئرمین قائمہ کمیٹی خزانہ فیض کموکا، اور صوبائی وزیر خیال کاسترو بھی شامل تھے۔

مزیدخبریں