پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عامر طلال گوپانگ نے بھی بغاوت کردی
02:52 PM, 18 Mar, 2022
وزیراعظم عمران خان کیخلاف باغیوں کی تعداد بڑھنے لگی۔ مظفر گڑھ سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر طلال گوپانگ نے بھی بغاوت کردی ہے۔ ضلع مظفر گڑھ کے حلقہ این اے 186 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی بننے والے عامر طلال گوپانگ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں سورہ یاسین پر قسم اٹھاتے ہوئے کہا کہ میں حلفیہ کہتا ہوں کہ میں نے تحریک عدم اعتماد کے سلسلے میں کسی سے ایک روپیہ بھی نہیں لیا۔ عامر طلال گوپانگ کا کہنا تھا کہ ہمارے وزرا جو روزانہ ٹیلی وژن چینلز پر آکر ہم لوگوں پر الزام لگاتے ہیں، اللہ تعالیٰ ان سے ضرور پوچھے گا۔ میں انشا اللہ تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر جو فیصلہ بھی کروں گا، وہ اپنے ضمیر اور عوام کی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج سے ساڑھے تین سال قبل جب میں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی تو میرا خیال تھا کہ ہم اپنے عوام کی زندگیوں میں بنیادی تبدیلیاں لے کر آئیں گے، ان کے مسائل کو حل کریں گے اور ان کی پریشانیوں کا تدارک کریں گے۔ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ لیکن آج افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم نے ساڑھے تین سال حکومت میں رہتے ہوئے عوام کی پریشانیاں دور کرنا تو درکنار، کچھ بھی نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ میں آج تک حکومتی ایم این اے ہوتے ہوئے اپنے حلقے کا کوئی کام تک نہیں کروا سکا۔ میں جب اپنی عوام کو مہنگائی کی چکی میں پستا ہوا دیکھتا ہوں تو میرا دل خون کے آنسو روتا ہے۔ کسان تین تین دن لائن میں کھڑے رہتے ہیں لیکن انھیں کھاد کی بوری پھر بھی نہیں ملتی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں تحریک عدم اعتماد والے دن قومی اسمبلی کے اجلاس میں ضرور جائوں گا اور اس کے بعد جو بھی فیصلہ کروں گا اپنے حلقے کی عوام کی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے کروں گا۔