’پولیس نے میرے گھر پر حملہ کر دیا جہاں بشریٰ بیگم اکیلی ہیں‘
02:51 PM, 18 Mar, 2023
اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ واضح ہو گیا ہے کہ حکومت مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے، پولیس نے میرے گھر پر حملہ کر دیا ہے جہاں بشریٰ بیگم اکیلی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لکھا ہے کہ میرے تمام مقدمات میں ضمانت حاصل کرنے کے باوجود اب یہ واضح ہو چکا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے مذموم عزائم کے باجود میں اسلام آباد اور عدالت کی جانب جا رہا ہوں کیونکہ میں قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں ۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے ناپاک عزائم سب پر عیاں ہو گئے ہیں ، لاہور کا محاصرہ کسی مقدمے میں میری عدالت میں حاضری کو یقینی بنانا نہیں تھا ، لاہور محاصرے کا مقصد مجھے جیل بھیجنا تھا تاکہ میں انتخابی مہم کی قیادت نہ کر سکوں ۔ ایک اور ٹوئٹ میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ پنجاب پولیس نے زمان پارک میں میرے گھر پر حملہ کیا ہے جہاں بشریٰ بیگم اکیلی ہیں ، انہوں نے سوال کرتے ہوئے لکھا کہ یہ کس قانون کے تحت کر رہے ہیں؟ یہ لندن پلان کا حصہ ہے جہاں ایک ملاقات میں مفرور نواز شریف کو اقتدار میں لانے کے وعدے کیے گئے تھے ۔