اگر 'ضمانت پارک' میں صرف ایک خاتون ہے توپولیس پرگولیاں کون برسا رہاہے ؟ مریم نواز

03:51 PM, 18 Mar, 2023

احمد علی
لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر مریم نواز نے عمران خان کے ٹوئٹ پر سوال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر 'ضمانت پارک' میں صرف ایک خاتون موجود ہے تو پولیس پر اندر سے گولیاں اور پیٹرول بم کون برسا رہا ہے ؟ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے لکھا ہے کہ یہ لوگ جھوٹ بولنے سے پہلے سوچتے بھی نہیں ہیں ۔ مریم نواز نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے کہ جس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائش گاہ کے اندر سے ایک پیٹرول بم اہلکاروں کی جانب پھینکا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک دہشت گرد جماعت ہے جس کے سرغنہ نے قانون اور سزا سے بچنے کیلئے شرپسند اور تربیت یافتہ دہشت گرد اپنے گھر میں رکھے ہوئے ہیں ۔ مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ اب پتہ چلا کے جب سے اس دہشت گرد کو زبردستی سیاست میں گھسیڑا گیا، تب سے ملک فتنہ اور انتشار کا شکار کیوں ہے؟ لانے والے بھی اپنے بدترین انجام کو پہنچے ہیں ، اس کی سیاست بھی رسوائی کے ساتھ اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہی ہے ۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاسی رہنماؤں اور سیاسی جماعتوں نے ہمیشہ نہتے جدوجہد کی، قربانیاں دیں، پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت کہنا یا عمران خان کو سیاسی لیڈرکہنا کئی دہائیوں پر پھیلی سیاسی کارکنوں کی جدوجہد کی تذلیل ہوگی۔
مزیدخبریں