عدالت نے جنرل فیض حمید کے بھائی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا

12:24 PM, 18 Mar, 2024

پبلک نیوز: عدالت نے  محکمہ مال کے سابق تحصیلدار نجف حمید کو 14 روزہ  جوڈیشل ریمانڈ منظور  کرکے اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق    عدالت نے نائب تحصیلدار نجف حمید کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کرکے  اڈیالہ جیل بجھوانے کا حکم دے دیا۔ نجف حمید کو سینئر سول جج کرمنل وقار حسین گوندل کی عدالت میں پیش کیا گیا ۔  اینٹی کرپشن تفتیشی ٹیم نے نجف حمید کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بجھوانے کی استدعا کی۔

عدالت نےا نجف حمید کو یکم اپریل کو دوبارہ عدالت پیش کرنے کا حکم دےدیا۔

اس سے قبل سابق ڈی جی آئی ایس آئی کے بھائی کا اینٹی کرپشن حراست سے فرار ہونے کا معاملہ، اینٹی کرپشن نے فرار ہونے والے ملزم نجف حمید کو دوبارہ گرفتار کر لیا۔ ملزم اینٹی کرپشن عملے کی حراست سے چکما دے کر فرار ہو گیا تھا۔ 

اینٹی کرپشن حکام نے ملزم کو آج اینٹی کرپشن عدالت سے ضمانت خارج ہونے پر گرفتار کیا تھا۔ ملزم نجف حمید کی ضمانت قبل از گرفتاری اینٹی کرپشن عدالت کے خصوصی جج علی نواز بکھر نے خارج کی تھی۔ ملزم کے خلاف اینٹی کرپشن راولپنڈی میں مالی فراڈ اور قیمتی اراضی میں ردوبدل کرنے پر مقدمہ درج ہے۔ نجف حمید محکمہ مال چکوال میں بطور نائب تحصیلدار تعینات تھے۔

سابق تحصیلدار چکوال نجف حمید کو دوبارہ گرفتاری کے بعد عدالت میں پیش کردیا گیا۔ نجف حمید کو اینٹی کرپشن کی خصوصی عدالت کے جج علی نواز بکھر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے نجف حمید کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست خارج کردی۔ نجف حمید کو دو روز کے لئے اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کردیا گیا۔ جس کے بعد نجف حمید نے ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے سینئر سول جج کرمنل سے رجوع کرلیا۔

نجف حمید اینٹی کرپشن حکام کی تحویل میں وکلاء کے ہمراہ سینئر سول جج کی عدالت میں پیش ہوں گے۔

یاد رہے کہ اپریل 2023 میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کے بھائی سردار نجف حمید کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن راولپنڈی نے تحقیقات شروع کیں تھیں۔

اینٹی کرپشن راولپنڈی نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر چکوال کو خط لکھا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ سردار نجف حمید کی زمینوں اور آمدن سے زائد اثاثوں کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔

اینٹی کرپشن راولپنڈی کے مطابق سردار نجف حمید نے نائب تحصیلدار سے گرداور کے عہدے پر ترقی کے لیے کئی سینئرز کو سُپر سیڈ کیا تھا اور آمدن سے زائد اثاثے بنائے تھے۔

واضح رہے کہ نجف حمید کو 16 فروری 2023 کو نائب تحصیل دار کے عہدے سے معطل کیا گیا تھا اور ان کو چارج فوری چھوڑ کر کمشنر آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نائب تحصیلدار نجف حمید کو مِس کنڈکٹ اور عوامی مفادات کے پیش نظر معطل کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں