چوہدری پرویزالہٰی کیخلاف نیب انکوائری بند

10:18 AM, 18 May, 2021

حسان عبداللہ

لاہور(پبلک نیوز) احتساب عدالت نے پرویز الہی کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں کی انکواٸری کو بند کر دیا۔ عدالت نے نیب کی انکوائری بند کرنے کی درخواست منظور کر لی۔

احتساب عدالت نے چوہدری پرویز الہیٰ کے خلاف اختیارات سے تجاوز کی انکوائری بند کرنے کے ریفرنس پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے چوہدری پرویز الہیٰ کے خلاف بطور وزیر لوکل گورنمنٹ بھرتیاں کرنے کے کیس کو بند کرنے کی منظوری دے دی۔

احتساب عدالت کے جج شیخ سجاد احمد نے ریفرنس پر فیصلہ سنایا۔ ختم کیے کیے نیب ریفرنس کے مطابق چوہدری پرویز الہیٰ نے بطور وزیر لوکل گورنمنٹ اختیارات سے تجاوز کر کے 79 غیر قانونی تعیناتیاں کیں، چوہدری پرویز الہیٰ نے 1989 سے 1993 کے دوران لوکل گورنمنٹ رولز میں نرمی کر کے تعیناتیاں کیں، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ نے امتحانات لئے بغیر تعیناتیاں کیں۔

نیب نے قرار دیا کہ انکوائری میں نامزد سابق سیکرٹری لوکل گورنمنٹ جاوید احمد قریشی وفات پاچکے ہیں، سابق سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ ڈاکٹر مشیر عالم بھی فوت ہوچکے ہیں،انکوائری کے شریک ملزموں کی وفات کی وجہ سے چوہدری پرویز الہیٰ کے خلاف انکوائری میں مزید کارروائی نہیں ہوسکتی۔

بند کیے گئے نیب ریفرنس کے متن میں چوہدری پرویز الہی پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے بطور وزیر لوکل گورنمنٹ 16 ویں سکیل کے افراد کو بھرتی کیا تھا، بھرتی کئے جانے والے افراد کو قانونی تقاضے پورے کئے بغیر بھرتی کیا گیا، آدھے سے زیادہ افراد ریٹائر ہوچکے ہیں، غیر قانونی بھرتیوں میں رولز میں نرمی اس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب نے کی تھی، نیب نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ اختیارات سے تجاوز کرنے کے الزام میں چوہدری پرویز الہیٰ کے خلاف جاری انکوائری بند کی جائے۔

مزیدخبریں