قرآن مجید کو لازمی مضمون قرار دینے سے متعلق ترمیمی بل 2021 منظور

02:59 PM, 18 May, 2021

احمد علی

لاہور ( پبلک نیوز) دی پنجاب کمپلسری ٹیچنگ آف دی ہولی قرآن ترمیمی بل 2021 متفقہ طور پر منظور، ترمیمی بل سپیکر چودھری پرویز الہیٰ کی طرف سے اجازت دئیے جانے کے بعد ارکان اسمبلی میاں شفیع محمد، خدیجہ عمر اور ساجد احمد خاں کی طرف سے ایوان میں پیش کیا گیا۔ ترمیمی بل کی منظوری کے بعد چودھری پرویز الہیٰ کی طرف سے تمام اراکین اسمبلی کو مبارک باد دی گئی۔

چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ ٹیچنگ آف دی ہولی قرآن ترمیمی بل سے آئندہ نسلوں کو فائدہ ہوگا۔ یقین مانیے مسلمان کی کامیابی، ہدایت اور ترقی کا واحد راستہ اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب قرآن مجید اور آخری نبیﷺ کی سنت پر عمل کر نے میں ہی ہے۔ ان پر عمل پیرا ہو کر ہی مسلمان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتے ہیں۔

سپیکر اسمبلی کا کہنا تھاکہ اللہ کی آخری نبیﷺ کے فرمان کا مفہوم ہے کہ میں تمہارے اندر دو چیزیں چھوڑے جا رہا ہوں جب تک تم ان دونوں چیزوں کو مضبوطی سے پکڑے رکھو گے کبھی بھی گمراہ نہیں ہو سکتے۔ ایک اللہ تعالیٰ کی کتاب اور دوسری چیز اللہ کے آخری نبیﷺ کی زندگی اور ان کی سنت پر عمل کرنا۔

انھوں نے مزید کہا کہ میری وزارتِ اعلیٰ کے دور میں پہلی سے پانچوں جماعت تک کے لیے قرآن مجید کی ناظرہ کی تعلیم لازمی کی گئی تھی۔ اس قانون کی اس لیے ضرورت پڑی کہ ہماری نسلوں کی اچھی تربیت ہو سکے اور انہیں اسلامی تعلیمات کا صحیح طرح اندازہ ہو جس پر عمل کر کے وہ صحیح معنوں میں اسلام کی پیروی کر کے قائدا عظم اور علامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر کر سکیں۔ اور پاکستان عالم اسلام کی سربراہی کر سکے۔

مزیدخبریں