‏وزیر خارجہ کی ”پاکستان ہاؤس“ انقرہ آمد، عشائیہ میں شرکت

06:45 PM, 18 May, 2021

شازیہ بشیر

انقرہ (پبلک نیوز) ‏وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی " پاکستان ہاؤس" انقرہ (ترکی ) آمد، ترکی میں تعینات پاکستانی سفیر سائیرس قاضی نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ نے پاکستانی سفیر کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ میں شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے عشائیہ کے دوران پاکستانی سفارتخانہ میں تعینات افسران کے ساتھ غیر رسمی گفتگو بھی کی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین کثیرا لجہتی دو طرفہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ وقت کے ساتھ یہ تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک کی قیادت کے مابین، نکتہ نظر کی مماثلت نے ان تعلقات کو آگے بڑھانے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور ترکی کے مابین تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے "اقتصادی سفارت کاری" کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے پاکستان ہاؤس کی عمارت کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر خارجہ نے پاکستان ہاؤس میں موجود “وزیٹرز بک” میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔

مزیدخبریں