بڑے صنعتی اداروں کے شعبہ کی شرح نمو میں اضافہ

05:54 AM, 18 May, 2022

احمد علی
رواں مالی سال کے دوران بڑے صنعتی اداروں کے شعبہ (ایل ایس ایم) کی شرح نمو 10 اعشاریہ 9 فیصد بڑھ گئی۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران شعبہ کی شرح ترقی 10 فیصد سے زیادہ رہی جبکہ مارچ 2021 کے مقابلہ میں مارچ 2022 کے دوران ایل ایس ایم کی نمو میں 26 اعشاریہ 9 فیصد بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس طرح فروری 2022 کے مقابلہ میں مارچ 2022 میں شرح نمو 8 اعشاریہ 5 فیصد زیادہ رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا مارچ 22-2021 کے دوران فوڈ، بیوریج، تمباکو، کپڑا، کیمیکلز، آئرن اینڈ سٹیل، آٹو موبائل وفرنیچر، پیپر اینڈ بورڈ، مشینری وآلات تیار کرنے والی صنعتوں کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تاہم دوسری جانب گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران ادویہ سازی، ربڑ مصنوعات اور بجلی کے آلات تیار کرنے والی مقامی صنعتوں کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے۔ پی بی ایس کے مطابق رواں مالی سال میں ٹیکسٹائل کے شعبہ کی پیداوار میں 3 اعشاریہ 2 فیصد، فوڈ 11 اعشاریہ 74 فیصد فیصد، تمباکو 16 اعشاریہ 7 فیصد، تیار ملبوسات 34 فیصد، کیمیکلز 7 اعشاریہ 8 فیصد اور آٹو موبائلز کی صنعت کی پیداوار 54 اعشاریہ 1 فیصد بڑھی ہے۔ اس طرح آئرن اینڈ سٹیل کی صنعت کی پیداوار میں بھی 16 اعشاریہ 5 فیصد، لیدر ایک اعشاریہ 5 فیصد، لکڑی کی مصنوعات 157 اعشاریہ 5 فیصد، پیپر اینڈ بورڈ 8 اعشاریہ 5 فیصد، کیمیکلز 15 اعشاریہ 2 فیصد، کھاد 3 اعشاریہ 3 فیصد، مشینری وآلات 8 اعشاریہ 9 فیصد، فرنیچر 301 اعشاریہ 8 فیصد اور فٹ بال کی پیداوار میں بھی گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال میں 37 اعشاریہ 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مزیدخبریں