حکومت تاجر برادری کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے، اسحاق ڈار

10:58 PM, 18 May, 2023

احمد علی
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت تاجر برادری کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار سے ایف پی سی سی آئی کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ہوئی۔ ایف پی سی سی آئی کے وفد کی سربراہی اس کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کی۔ ملاقات میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا اور چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد بھی موجود تھے۔وفد نے معیشت بہتر بنانے اور برآمدات میں اضافہ کرنے کی حکومتی کوششوں میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے۔آئندہ بجٹ میں ایف پی سی سی آئی کی تجاویز کو شامل کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کی معیشت کی ترقی میں ایف پی سی سی آئی کی کوششوں اور خدمات کو سراہا۔
مزیدخبریں