آئندہ بجٹ میں کیا مراعات شامل ہونگی؟ حکومتی فیصلے ہوگئے

09:44 PM, 18 May, 2024

(ویب ڈیسک)وزیر اعلیٰ کا آئندہ بجٹ میں بلدیاتی نمائندوں کے اعزازیہ اور دیگر مراعات کے لئے فنڈز فراہم کرنے کا فیصلہ،علی امین گنڈاپور نے کہا عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں بلدیاتی نظام کو مضبوط بنایا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت بلدیاتی حکومتوں کے مسائل سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں علی امین گنڈا پور نے چند اہم فیصلے کئے ہیں،وزیر اعلیٰ نےتحصیل چئیرمین/مئیرز کے اعزازیوں کو ڈبل کرنے ،ویلج کونسلز اور نیبرہوڈ کونسلز کے چئیرمین کے اعزازیوں میں بھی اضافے کا فیصلہ کیا، وی سی این سی چئیرمین کے دفاتر کے لئے کرایوں میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں بلدیاتی حکومتوں کو ترقیاتی گرانٹس کی فراہمی کے لئے ایکٹ میں ضروری ترامیم جلد صوبائی اسمبلی سے منظور کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، وزیر اعلیٰ نےمتعلقہ حکام کو  منتخب بلدیاتی نمائندوں کو گاڑیوں کی فراہمی کے لئے اقدامات کی ہدایت کی ہے،اس سلسلے میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے سرکاری گاڑیوں کی تفصیلات حاصل کی جائیں۔

وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کے لئے بلدیاتی نظام کا کردار انتہائی اہم ہے،عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں بلدیاتی نظام کو مضبوط بنایا جائے گا، بلدیاتی نظام میں موجود کمی خامیوں کو دور کرنے کے لئے قانونی اور انتظامی اصلاحات کی جائیں گی۔  

تمام منتخب بلدیاتی نمائندوں کو بلا امتیاز سہولیات  فراہم کی جائیں گی ،  ہم سیاسی لوگ ہیں سب کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، بلدیاتی نمائندوں سے بھی عوام کی توقعات وابستہ ہوتی ہیں، ان کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے،مقامی انتظامیہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی۔

 وزیر اعلی کے پی کے کا کہناتھا کہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کو ان کے دائرہ کار کے اندر ہر قسم کی سپورٹ فراہم کی جائے گی، مرکز سے صوبے کے واجبات ملیں گے تو بلدیاتی اداروں کو بھی فنڈز ملیں گے،  آمدن بڑھانے کے لئے پی پی پی اور بی او ٹی موڈ پر ان جائیدادوں کو استعمال میں لایا جائےگا۔

 علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ ٹی ایم ایز کی جائیدادوں پر غیر قانونی قبضے چھڑانے کے اقدامات کئے جائیں، صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

مزیدخبریں