انڈیا:ریاست ہریانہ میں نماز جمعہ پر پابندی، پاکستان کی مذمت
06:18 AM, 18 Nov, 2021
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) پاکستان نے بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کی جانب سے ریاست ہریانہ میں مسلمانوں پر نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی کی شدید مذمت کی ہے۔ حکومت پاکستان نے بی جے پی کے زیر قیادت ریاستوں اترپردیش اور ہریانہ میں سنگھ پریوار انتہا پسندوں کی جانب سے مسلسل مساجد پر حملوں اور توڑ پھوڑ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری بھارت میں بڑھتی ہوئی اسلاموفوبیا اور اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کیخلاف وحشیانہ حملوں کو روکنے کیلئے اپنی زمہ داریاں پوری کریں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی ریاست ہریانہ میں مسلمانوں پر نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے مذہبی مقامات کی بے حرمتی کے ایک اور گھنائونے واقعہ میں، بنیاد پرست ہندو گروہوں نے مبینہ طور پر نماز جمعہ کے کئی مقامات پر گائے کا گوبر پھینک دیا۔ ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی تحفظات کے باوجود تری پورہ میں بھی مسلمانوں اور ان کے مذہبی مقامات، گھروں اور کاروباری مراکز پر وحشانہ حملے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں مسلمانوں کی دکانوں، مساجد اور درگاہوں پر بی جے پی اور اس سے وابستہ گروپوں بشمول بجرنگ دل، وشو ہندو پریشد اور مہاراشٹر نو نرمان سینا کے بنیاد پرست کارکنوں کی طرف سے پرتشدد حملے کیے گئے۔ پاکستان نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور متعلقہ عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بڑھتی ہوئی اسلاموفوبیا اور اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کیخلاف وحشیانہ حملوں کو روکنے کیلئے اپنی زمہ داریاں پوری کریں اور انکی سیفٹی،سلامتی اور انکے مذہبی مقامات کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔