امریکی ڈالر ایک بار پھر مہنگا ہو گیا

08:18 AM, 18 Nov, 2021

احمد علی
کراچی ( پبلک نیوز):پاکستانی روپےکے مقابلے میں ڈالرکی قدر میں کمی کا سلسلہ بالآخر آج تھم گیا۔روپے کے مقابلے میں گزشتہ دنوں گراوٹ کے بعد امریکی ڈالر ایک بار پھر 44 پیسے مہنگا ہو گیا۔ جس کے بعد انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر 174.20 روپے پرپہنچ گیا۔ خیال رہے کہ منگل کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر خزانہ شوکت ترین نے پاکستانی روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں جلد ہی کمی کا اشارہ دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے کے بعد ڈالر کی قیمت گرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف نے ڈیل سے قبل پانچ احتیاطی تدابیر پر زور دیا تھا جس کے مطابق پاکستان پہلے ہی بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر چکا ہے۔ شوکت ترین نے مزید کہا کہ ٹیکس چھوٹ ختم کرنے اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی خود مختاری سے متعلق بل تیار کر لیے گئے ہیں اور وزارت قانون ایوان میں پیش کرنے کے لیے مسودے کو حتمی شکل دے رہی ہے۔
مزیدخبریں