وزرا ء تک براہ راست رسائی رکھنے والی حریم شاہ کون ہیں؟

04:14 PM, 18 Nov, 2021

احمد علی

ویب‌ڈیسک: آخر یہ حریم شاہ کون ہیں؟ وہ اہم ترین شخصیات تک پہنچ کیسے جاتی ہیں؟ ان کی شاہانہ طرز زندگی کے اخراجات کون اٹھاتا ہے؟ غیر ملکی دوروں پر کیسے جاتی ہیں؟

مبینہ طور پر حریم شاہ کا اصل نام فضہ حسین ہے۔ وہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ کی تحصیل اوگی کی رہائشی ہیں۔ سوشل میڈیا پر کچھ عرصہ قبل ایک شناختی کارڈ وائرل ہوا جس کے مطابق ان کی تاریخ پیدائش 28 دسمبر 1991ء درج ہے۔کچھ عرصہ قبل ایک انٹرویو میں حریم شاہ نے بتایا تھا کہ ان کے والدین دونوں سرکاری افسران ہیں جبکہ وہ چار بہنیں اور تین بھائی ہیں۔ ان کے اہلخانہ بہت سخت ہیں اور انہیں بالکل سپورٹ نہیں کرتے۔

معروف برطانوی اخبار دی انڈپینڈنٹ نے ضلع مانسہرہ میں حریم شاہ کے آبائی علاقے کے ایک سکول ٹیچر سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ اس کے خاندان والوں کو اس کی بدنامی یا شہرت کی کچھ زیادہ پرواہ نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حریم شاہ کا اصل نام فضہ ہے۔ ان کے والد محکمہ جنگلات میں گارڈ کی حیثیت سے ملازم تھے، جبکہ ان کے چچا ایک سکول میں بطور چپڑاسی کام کرتے ہیں اور ان کی والدہ ایک قریبی گاؤں کے پرائمری سکول میں استانی ہیں۔

سکول ٹیچر نے دعویٰ کیا کہ حریم شاہ نے مقامی سکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی، ان کی شادی اپنے خالہ زاد سے ہوئی تاہم یہ شادی زیادہ عرصہ نہیں چل سکی، اس شادی سے ان کی ایک بچی بھی ہے۔

خیال رہے حریم شاہ اس سے قبل خود کو پی ٹی آئی کا سپورٹر کہتی رہی ہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ان کی ایک تصویر بھی انٹرنیٹ پر منظر عام پر آئی تھی، جس میں انہوں نے وزیراعظم کے کاندھے پر ہاتھ رکھا ہوا تھا۔ ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ پی ٹی آئی کی سپورٹر ہیں، اسی لیے ان کے رہنماؤں کے ساتھ ہی ویڈیوز بناتی ہیں۔

خیال رہے کہ ٹک ٹاکر حریم شاہ ان دنوں پھر میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے ایک یوٹیوب چینل ”ناشپاتی پرائم” کے پروگرام میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو کال کردی تھی۔ انہوں نے اپنے موبائل میں ان کا نمبر ”شیخو” کے نام سے محفوظ کیا ہوا ہے۔پروگرام کے اینکر نے حریم شاہ سے پوچھا کہ آپ کو لگتا ہے کہ اگر ابھی شیخ رشید کال کریں تو وہ فون پر بات کر لیں گے؟ اس کا جواب دیتے ہوئے خاتون ٹک ٹاکر نے کہا کہ ابھی کرکے دیکھ لیتے ہیں۔

دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب حریم شاہ نے شیخ رشید کو فون ملایا تو انہوں نے فوری طور پر کال اٹھا لی اور کہا کہ تھوڑی دیر بعد بات کریں، میں اس وقت مصروف ہوں لیکن حریم شاہ نے انھیں پیار سے کہا کہ نہیں مجھے ابھی بات کرنی ہے۔

اس پر شیخ رشید تھوڑا غصے میں آئے اور کہا کہ میں ابھی آپ سے بات نہیں کر سکتا، لیکن حریم شاہ بضد رہیں اور کہا کہ نہیں ابھی بات کریں، یہ سنتے ہی وزیر داخلہ غصے میں آگئے اور کہا کہ بکواس نہ کریں اور فون بند کر دیں۔

واضح رہے کہ ناشپاتی پرائم ایک یوٹیوب چینل میں جس میں مختلف شخصیات کو مدعو کرکے ان کے انٹرویوز کئے جاتے ہیں۔ یہ مزاحیہ پروگرام ہے۔ اس میں ہلکے پھلکے انداز میں دوسروں کا مذاق بنایا جاتا ہے۔ اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں ہے کہ حریم شاہ نے واقعی وزیر داخلہ کو ہی پروگرام کے دوران فون کیا تھا یا ان کے موبائل میں وائس چینجر لگا ہوا ہے۔

مزیدخبریں