سندھ ہائیکورٹ کا کراچی ، حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم

05:06 AM, 18 Nov, 2022

احمد علی
کراچی: سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے یہ حکم دیا گیا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا ہے۔ عدالت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے منظور کرلیں گئیں ہیں ، کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ عدالت کی طرف سے سنائے گئے فیصلے میں یہ حکم دیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے اور سندھ حکومت الیکشن کمیشن کو نفری فراہم کرے۔ خیال رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات 24 جولائی کو ہونا تھے لیکن سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر سندھ حکومت نے پولیس کی نفری نہ ہونے پر سکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کرلی تھی۔اس کے بعد بلدیاتی انتخابات کی تاریخ 28 اگست رکھی گئی تھی لیکن اس تاریخ کو بھی الیکشن نہ ہونے پر ایک بار پھر تاریخ کو آگے بڑھا کر 23 اکتوبر کر دی گئی تھی مگر پھر تیسری مرتبہ بھی انتخابات کو ملتوی کردیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے بھی کراچی میں بلدیاتی الیکشن سے متعلق فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے۔
مزیدخبریں