حکمران اتحاد کے تین بڑوں میں رابطہ، اہم قومی ، سیاسی امور پر تبادلہ خیال
10:42 AM, 18 Nov, 2022
ذرائع کے مطابق حکمران اتحاد کے تین بڑوں کا رابطہ ہوا ہے، جس میں اہم قومی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، عمران خان کے لانگ مارچ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا،سابق صدر آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمن کے ساتھ میاں نواز شریف کی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ اہم تقرری کے معاملے پر حکومتی اتحادیوں نے نواز شریف اور وزیراعظم میاں شہباز شریف کو مکمل حمایت کا یقین دلا دیا ہے۔پیغام دیا گیا ہے کہ اہم تقرری سمیت دیگر اہم فیصلوں پر وزیراعظم آئینی اختیار کے مطابق اقدام کریں۔ ذرائع کے مطابق اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ ملکی داخلی استحکام، معاشی و سیاسی استحکام کے لئے مل کر آگے بڑھیں گے، ملاقاتوں میں سابق وزیراعظم عمران خان کے بیانیے اور لانگ مارچ کو اہمیت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تینوں بڑی اتحادی جماعتوں کا مستقبل قریب میں مل کر چلنے پر اتفاق کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طبیعت بہتر ہوتے ہی وزیراعظم میاں شہباز شریف جلد اتحادیوں کے ساتھ براہ راست بھی ملاقات کریں گے۔