ایئرکوالٹی انڈیکس غیر تسلی بخش،اسموگ کمی کے باوجودمتاثرہ مریضوں میں اضافہ

10:32 AM, 18 Nov, 2024

ویب ڈیسک: باغوں کے شہر میں سموگ بدستور برقرار ہے، شہر لاہور دنیا کی فضائی آلودگی کی فہرست میں آج دوسرے نمبر پر جبکہ انڈیا کا شہر دہلی پہلے نمبر پرہے, اسموگ کے باعث شہری پریشان ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور فضائی آلودگی میں آج دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے، شہر کا اے کیو آئی 402 ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ اولیا کے شہر ملتان میں فضائی آلودگی کا معیار 209 ہو گیا جبکہ کراچی میں 166 ہوگیا ہے  تاہم بھارت کا شہر دہلی1226 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ماہرین موسمیات نے آئندہ دنوں میں سموگ کی شدت میں مزید کمی کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ باغوں کے شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 13جبکہ زیادہ سے زیادہ 24سینٹی گریڈ رہنے کاامکان ہے، شہر میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں،صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ 

اسموگ کی صورتحال بہتر ہونے پر تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ
راولپنڈی ڈویژن میں اسموگ کی صورتحال بہتر ہونے پر تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ڈی جی محکمہ ماحولیات عمران حامد شیخ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جس کے مطابق راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال کے تعلیمی ادارے 19 نومبر سے معمول کے مطابق کھلیں گے، راولپنڈی ڈویژن کے تعلیمی اداروں میں طلبہ اور عملے کی فزیکل حاضری لازمی ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ ماحولیات نے راولپنڈی ڈویژن کو آن لائن موڈ اور بندش سے استثنیٰ دے دیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ضلع مری کے تعلیمی ادارے پہلے ہی کھلے ہیں اور معمول کے مطابق جاری رہیں گے، ماحولیاتی صورتحال میں بہتری کے باعث راولپنڈی ڈویژن میں پابندی ختم کردی گئی ہے۔

سموگ کے باعث کمرشل مارکیٹوں پر پابندی میں توسیع

دوسری جانب پنجاب حکومت نے اسموگ کے پیش نظر کمرشل مارکیٹوں پر پابندی میں توسیع کردی، محکمہ تحفظ ماحولیات نے پابندی میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

ڈی جی ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ لاہور اور ملتان میں تمام سرکاری اور نجی یونیورسٹیاں، کالجز اور سکولز 24 نومبر تک بند رہیں گے، تمام تر آؤٹ ڈور سرگرمیاں جن میں کھیل، نمائش اور فیسٹیولز پر بھی 24 نومبر تک پابندی ہوگی تاہم نماز جنازہ پر کسی قسم کی پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ملتان اور لاہور میں تعمیراتی سرگرمیوں پر مکمل بین 24 نومبر تک ہوگا ، فرنس آئل اور اینٹوں کے بھٹوں پر بھی 24 نومبر تک پابندی ہو گی، ضلع لاہور میں فائر ورکس پر 31 جنوری تک پابندی ہوگی۔

دفاتر میں نصف عملہ کے ساتھ کام کرنے کی پابندی میں 31 جنوری تک توسیع

سرکلر کے مطابق لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں نجی اور سرکاری دفاتر میں پچاس فیصد عملہ کم کرنے کی پابندی میں 31 جنوری تک توسیع کردی گئی، ملتان اور لاہور میں آوٹ ڈور ڈائننگ میں شام چار بجے کے بعد پابندی ہو گی، تمام ریسٹورنٹس کو رات 8 بجے تک ٹیک اوے کی اجازت ہوگی ۔

محکمہ ماحولیات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ملتان اور لاہور میں ہیوی وہیکلز کے داخلے پر بھی 24 نومبر تک پابندی ہوگی ، تمام مارکیٹیں، دکانیں اور شاپنگ مالز رات آٹھ بجے بند کرنا ہوں گے، پنجاب کے دیگر سولہ اضلاع میں تعلیمی اداروں اور پارکوں میں عوام کے داخلے پر 24 نومبر تک پابندی ہوگی جبکہ ضلع مری تمام تر پابندیوں سے مستثنیٰ ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ہے سموگ کے پیش نظر ہائرسیکنڈری تک تعلیمی ادارے 24 نومبر تک بند رہیں گے یا آن لائن کلاسز ہوں گی، پارکس، چڑیا گھر، تاریخی مقامات ، پلے لینڈز اور عجائب گھر چوبیس نومبر تک بند رہیں گے۔  

ضلعی انتظامیہ لاہور کی اسموگ کے تدارک کے لیے کارروائیاں
اسموگ کے تدارک کے حوالے سے لگائے گئے لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور متحرک ہوگئی، اوقات کار اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 50 دکانیں، 34 ریسٹورنٹس، 03 بیکریوں سمیت 25 باربی کیو شاپس کو سیل کر دیا جبکہ ایک لاکھ 20 ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

ضلعی انتظامیہ لاہور کی اسموگ کے تدارک کے لیے ہر تحصیل میں بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں، تحصیل سٹی میں 3 دکانیں، 08 ریسٹورنٹس، 25 باربی کیو شاپس اور 02 بیکریوں کوسیل کیا گیا۔

تحصیل صدر میں 12 دکانوں اور تحصیل راوی میں 15 ریسٹورنٹس اور 02 بیکریوں کو سیل کروایا گیا جبکہ تحصیل رائیونڈ میں 4 دکانوں، ایک ریسٹورنٹ اور تحصیل شالیمار میں 05 دکانوں اور ایک ریسٹورنٹ کو سیل کیا گیا۔

تحصیل واہگہ میں 06 دکانوں،4 ریسٹورنٹس کو اوقاتِ کار کی خلاف ورزی پر بند کیا گیا جبکہ تحصیل نشتر میں 10 دکانیں سیل کی گئیں۔ تحصیل علامہ اقبال زون میں بھی 5 ریسٹورنٹس اور 1 دکان کو سیل کیا گیا۔

ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ تاجر برادری اسموگ اور فضائی آلودگی کے اثرات کم کرنے میں تعاون کریں، پابندیوں کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائے گی۔

اسموگ کی روک تھام کیلئے پنجاب پولیس ان ایکشن

پنجاب پولیس اسموگ کی روک تھام کیلئے ان ایکشن نظر آئی۔پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 108 مقدمات درج ہوئے جبکہ 139 افراد کو کیا گیا۔ اسموگ کی خلاف ورزی کرنے کیخلاف 593 افراد کو 10 لاکھ 16 ہزار سے زائد جرمانے عائد کئے ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 141 افراد کو وارننگ جاری کی گئی، انہوں نے کہا کہ زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی 505 خلاف ورزیاں ہوئیں۔

پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں رواں برس 2846 ملزمان گرفتار، 3328 مقدمات درج کئے گئے، جبکہ 35020 افراد کو مجموعی طور پر 8 کروڑ سے زائد جرمانے کئے گئے۔

ترجمان پنجاب پولیس کا مزید کہنا ہے کہ اسموگ کی روک تھام کیلئے 6300 افراد کو وارننگ جاری کی گئی۔

مزیدخبریں