یکم دسمبر سے  تمام  غیررجسٹرڈ وی پی این بند کر دیے جائیں گے، چیئرمین پی ٹی اے

06:22 PM, 18 Nov, 2024

(ویب ڈیسک )پاکستان ٹیلی کیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل ریٹائڑد حفیظ الرحمان پاشا کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے نے 30 نومبر تک وی پی این کی رجسٹریشن کی مہلت دی ہے جس کے بعد تمام غیررجسٹرڈ وی پی این بند کر دیے جائیں گے۔ وی پی این استعمال کرنے والے فری لانسرز نے اگر اپنے زیراستعمال وی پی این کی رجسٹریشن نہیں کروائی تو سالانہ بنیادوں پر اُنہیں 40 کروڑ ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے۔

میجر جنرل ریٹائڑد حفیظ الرحمان پاشا نے پیر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے وی پی این کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے ابھی تک 20 ہزار سے زائد وی پی این رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔

سینیٹر پلوشہ خان کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں انٹرنیٹ کی مجموعی صورتحال اور وی پی این کی رجسٹریشن کے حوالے سے پی ٹی اے اور وزارت آئی ٹی کے حکام نے بریفنگ دیاجلاس میں چیئرمین کمیٹی اور دیگر ممبران نے چیئرمین پی ٹی اے سے استفسار کیا کہ وی پی این کی رجسٹریشن کے لیے کیا حکمت عملی اپنائی گئی ہے؟ اس پر چیئرمین پی ٹی اے کے کہا کہ اس وقت پاکستان میں ٹاپ کے 27 وی پی اینز ہیں جو زیادہ استعمال ہوتے ہیں۔ ہم نے سال 2016 سے وی پی این کی رجسٹریشن کا عمل شروع کیا ہے۔ ہم یہ چاہتے ہیں کہ ملک میں رجسٹرڈ وی پی این کا استعمال ہو۔

اُنہوں نے بتایا کہ ہماری حکمت عملی کے مطابق 30 نومبر تک تمام غیررجسٹرڈ وی پی این بند ہو جائیں گے۔ چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر وی پی این کی رجسٹریشن کے لیے ون ونڈو سہولت دی گئی ہے۔ وی پی این کی رجسٹریشن کا عمل 8 گھنٹے میں مکمل ہو جاتا ہے۔

چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ ’ہم کسی فیس کے بغیر وی پی این کی رجسٹریشن کر رہے ہیں۔ اگر فری لانسرز یا عام صارف بھی رجسٹرڈ وی پی این استعمال کرتے ہیں تو اس سے اُنہیں کسی آن لائن فراڈ کا بھی خدشہ نہیں ہو گا اور اُن کے لیے انٹرنیٹ کی سست روی کا مسئلہ بھی ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا۔‘

وی پی این کی رجسٹریشن اور فری لانسرز کو نقصان

وی پی این کی رجسٹریشن پر فری لانسرز کو ہونے والے مالی نقصان کے بارے میں ارکان کمیٹی سینیٹر کامران مرتضیٰ، سینیٹر افنان اللہ اور ہمایوں مہمند نے وزارت آئی ٹی سے استفسار کیا کہ وی پی این کی بندش سے فری لانسرز کو کتنا نقصان ہو گا؟.

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے رکن نے قائمہ کمیٹی کو جواب میں بتایا کہ اس وقت ملک میں 25 لاکھ افراد فری لانسنگ کر رہے ہیں جن میں سے 10 لاکھ وی پی این کا استعمال کرتے ہیں۔ پاکستان کی سالانہ آئی ٹی برآمدات میں 40 کروڑ ڈالر فری لانسنگ کے ذریعے آتا ہے۔

ان اعداد و شمار کے مطابق اگر فری لانسنگ کرنے والے افراد نے اپنے وی پی این کی رجسٹریشن نہیں کروائی تو سالانہ بنیادوں پر 40 کروڑ ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے۔ تاہم فری لانسرز کے لیے بھی وی پی این کی رجسٹریشن کی سہولت موجود ہے جس سے وہ استفادہ کر سکتے ہیں۔

مزیدخبریں